مودی حکومت کے اور بھی کئی بڑے گھوٹالے سامنے آئیں گے: راہل

کانگریس پارٹی کے صدر عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد آج راہل گاندھی پھر سے گجرات کے دورے پر ہیں۔

UNI
UNI
user

قومی آوازبیورو

راہل نے گجرات کے کچھ میں ریلی کوخطاب کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا۔ دریں اثنا راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر گجرات کے کسانوں سے وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گجرات کے گاؤں گاؤں میں انصاف ہوگا۔

ضلع کچھ کے انجار میں ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ رافیل جنگی طیارہ سودے اور بی جے پی صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کے گھوٹالے تو بس شروعات ہیں۔ آنے والے وقت میں ان سے بڑے گھوٹالے ملک اور گجرات کے عوام کے سامنے آئیں گے۔

راہل گاندھی نے رافیل سودے پر دوبارہ مودی سے تین سوال پوچھے اور نوٹ بندي اور جی ایس ٹی سے پیدا ہوئی افراتفری کے درمیان جے شاہ کی کمپنی کا کاروبار 50 ہزار روپے سے چند ماہ میں بڑھ کر 80 كروڑ ہونے کی بات بھی دوہرائی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان معاملات کی پارلیمنٹ میں گجرات انتخابات کے دوران بحث نہ ہو اور عوام اسے نہ سن سکیں، اسی لیے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کو گجرات انتخابات کے بعد تک ٹال دیا گیا۔
راہل گاندھی نے مودی سے گجرات میں 50 لاکھ گھر بنانے، گجرات کے تعلیم کے معاملے میں 26 ویں مقام پر کھسکنے، صنعت کاروں سے مہنگی بجلی خریدنے اور ریاست پر قرض بڑھ کر ڈھائی لاکھ کروڑ ہو جانے کے بارے میں اپنے چار پرانے سوال دوهرا ئے اور بی جے پی سے ان میں سے کسی ایک کا بھی جواب دینے کا چیلنج کیا۔
گاندھی نے کہا کہ 22 سال بعد گجرات میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور لوگوں کو ایک فرق محسوس ہوگا۔

دریں اثنا راہل گاندھی نے گجرات کے عوام سے شاعرانہ انداز میں وعدے کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا۔انہوں نے لکھا، ’’ہٹے گا کوشاسن (بد انتظامی) کا اندھیرا، گجرات میں نیا سویرا۔ فصل کا صحیح دام، بجلی کا انتظام ، قرض ہوں گے معاف، گاؤں گاؤں ہوگا انصاف۔ کسانوں کو ملیں گے چھنے ہوئے ادھیکار (حقوق )، آؤ گجرات میں لائیں کانگریس سرکار۔‘‘

دریں اثنا گجرات کے کچھ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’ میں مودی جی کی تقریر سن رہا تھا، ان کی تقریر میں 60 فیصد حصہ میرے اور کانگریس کے نام رہتا ہے۔ یہ انتخاب کانگریس یا بی جے پی کے بارے میں نہیں بلکہ گجرات اور یہاں کی عوام کے مستقبل کے بارے میں ہے۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی نے پیر کے روز پارٹی صدر کے عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کر دئیے ہیں۔ اس دوران ان کے ساتھ سابق ویزر اعظم منموہن سنگھ، دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت سمیت دیگر کانگریس رہنما موجود رہے۔

راہل گاندھی کا وزیر اعظم نریند مودی سے سوال پوچھنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ راہل نے ٹوئٹر پر وزیر اعظم مودی سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حواسے سے سوال کیا ۔ انہوں نے لکھا نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے بعد عوام پر مہنگائی کی مار پڑ رہی ہے۔راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا ’’ جملوں کی بے وفائی مار گئی، نوٹ بندی کی لڑائی مار گئی۔ جی ایس ٹی کی کمائی مار گئی۔ باقی کچھ بچا تو مہنگائی مار گائی۔ بڑھتے داموں سے جینا دشوار ،بس امیروں کی ہو گی ،بھاجپا سرکار؟۔ ‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2017, 4:58 PM