’ہریانہ میں 25 لاکھ ووٹ چرائے گئے، چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے جھوٹ بولا‘، پریس کانفرنس سے راہل گاندھی کا انکشاف

راہل گاندھی آج دوپہر 12 بجے دہلی کے اندرا بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانگریس نے اسے ’ایچ فائلز‘ کا نام دیا ہے۔ امکان ہے کہ وہ ’ووٹ چوری‘ پر سنسنی خیز انکشافات کریں گے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

05 Nov 2025, 1:08 PM

جو ہریانہ میں ہوا، وہی بہار میں ہوگا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ جو کچھ ہریانہ میں ہوا، وہی بہار میں ہونے والا ہے۔ ان کے مطابق بہار میں بھی ووٹر فہرست میں دھاندلی کی گئی ہے۔ راہل گاندھی کا دعویٰ ہے کہ انہیں ووٹر لسٹ آخری لمحے میں دی گئی۔

پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے بہار کے کئی ووٹروں کو اسٹیج پر بلایا اور کہا کہ ان کے نام ووٹر فہرست سے کاٹ دیے گئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پورے کے پورے خاندانوں کے نام فہرست سے حذف کر دیے گئے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بہار میں لاکھوں لوگوں کے نام کاٹے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں جین زی اور نوجوان ہی سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چل کر جمہوریت کو بچا سکتے ہیں۔

05 Nov 2025, 12:51 PM

’چیف الیکشن کمشنر نے ملک کی عوام سے جھوٹ بولا‘

راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں انتخابی فہرستوں میں سنگین بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’ڈال چند اتر پردیش میں بھی ووٹر ہے اور ہریانہ میں بھی ووٹر ہے۔ اس کا بیٹا بھی ہریانہ اور یوپی دونوں جگہ ووٹ ڈالنے کا حق رکھتا ہے اور دونوں ہی جگہ بی جے پی کو ووٹ دیتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ہزاروں لوگ ہیں جن کا بی جے پی سے تعلق ہے اور جن کے نام مختلف ریاستوں کی ووٹر لسٹوں میں درج ہیں۔ راہل گاندھی نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ’’متھرا کے سرپنچ پرہلاد کا نام بھی ہریانہ کی کئی ووٹر لسٹوں میں شامل ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام سے جھوٹ بولا۔ ان کے مطابق، الیکشن کمیشن نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’’جن لوگوں کے پاس گھر نہیں ہوتے، ان کے نام کے سامنے مکان نمبر ’صفر‘ درج کیا جاتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا، ’’ہم نے اس دعوے کی جانچ کی ہے، یہ سراسر غلط ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ملک کی عوام سے کھلے عام جھوٹ بولا ہے۔‘‘

05 Nov 2025, 12:45 PM

’ایک بوتھ پر ایک خاتون کا نام 233 مرتبہ درج‘

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ایک ہی خاتون کا نام ایک پولنگ بوتھ پر 223 مرتبہ درج تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس بات کا جواب دینا چاہیے کہ اس خاتون نے آخر کتنی بار ووٹ ڈالا۔ طنزیہ انداز میں انہوں نے کہا کہ ’’شاید الیکشن کمیشن کو اس کارکردگی پر شکریہ ادا کیا جانا چاہیے۔‘‘

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو حذف کر دیا گیا، کیونکہ اگر وہ فوٹیج باقی رہتی تو صاف ظاہر ہو جاتا کہ اس بوتھ پر کیا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لڑکی نے 10 مختلف مقامات پر ووٹ ڈالا، جبکہ جعلی تصویروں والے 1 لاکھ 24 ہزار 177 ووٹرز ووٹر لسٹ میں پائے گئے۔ اسی طرح ایک خاتون نے 9 جگہ ووٹ ڈالا۔

راہل گاندھی کے مطابق یہ سب کچھ دانستہ طور پر کیا گیا تاکہ بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ چوری ’’جنریشن زی‘‘ کو دیکھنی چاہیے تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ جمہوریت کے ساتھ کس طرح کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔


05 Nov 2025, 12:34 PM

’بی جے پی نے ہریانہ میں 25 لاکھ ووٹ چرائے، 5 لاکھ سے زائد جعلی ووٹر فہرست میں شامل‘

راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی کی پریس کانفرنس کی ایک ویڈیو دکھائی، جس میں سینی یہ کہتے نظر آئے کہ ’’ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہمارے پاس انتظام ہے، ہم الیکشن جیتیں گے۔‘‘ راہل گاندھی نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ کیسا انتظام ہے، جس کا ذکر سینی نے کیا؟ انہوں نے کہا کہ جب ہر سروے اور ہر پول میں یہ دکھایا جا رہا تھا کہ کانگریس پارٹی ہریانہ میں جیتنے جا رہی ہے، تو پھر آخر ایسا کیا ہوا کہ بی جے پی نے الیکشن جیت لیا؟ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ وہ ثبوت پیش کر رہے ہیں اور دکھا رہے ہیں کہ بی جے پی نے ہریانہ میں کس طرح انتخاب جیتا۔ ان کے مطابق ہریانہ کے انتخابات میں 25 لاکھ ووٹ چرائے گئے اور ووٹر لسٹ میں 5 لاکھ 21 ہزار 619 جعلی ووٹر شامل تھے۔

05 Nov 2025, 12:42 PM

’کہیں سیما، کہیں سرسوتی... ایک خاتون نے 22 مرتبہ ووٹ ڈالا‘

راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں ایک خاتون کی تصویر دکھاتے ہوئے حیران کن انکشاف کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک ہی خاتون نے مختلف ناموں سے 22 مرتبہ ووٹ ڈالا۔ راہل گاندھی نے بتایا کہ یہ خاتون کہیں ’سیما‘، کہیں ’سرسوتی‘ کے نام سے درج تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’یہ برازیلی خاتون ہریانہ کی ووٹر لسٹ میں آخر کر کیا رہی تھی؟‘‘

راہل گاندھی کے مطابق ہریانہ میں 5 زمروں میں مجموعی طور پر 25 لاکھ ووٹ چرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان زمروں میں سے ایک میں 5 لاکھ 21 ہزار سے زیادہ جعلی ووٹر پائے گئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ریاست میں کل تقریباً دو کروڑ ووٹر ہیں، اس لحاظ سے ہر آٹھواں ووٹ جعلی نکلا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اسی منظم ووٹ چوری کے باعث کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


05 Nov 2025, 12:25 PM

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس شروع، ہریانہ میں انتخابی گڑبڑیوں کا انکشاف

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس شروع ہو چکی ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس کے آغاز میں گرو نانک دیو کا ذکر کیا اور ملک کو گرو پرو کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ایچ فائلز‘ کسی ایک اسمبلی حلقے سے متعلق نہیں ہے بلکہ ریاستوں میں ووٹ چوری پر مبنی ہیں۔

راہل گاندھی نے بتایا کہ ہریانہ کے انتخابی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹ (پوسٹل بیلٹ) اور حقیقی ووٹوں کا رجحان ایک دوسرے سے مختلف رہا۔ ان کے مطابق پوسٹل بیلٹ میں کانگریس کو 76 جبکہ بی جے پی کو صرف 17 نشتوں پر سبقت حاصل ہوئی تھی، جبکہ ہمیشہ یہ دیکھا گیا ہے کہ پوسٹل بیلٹ اور حقیقی ووٹ دونوں کا رجحان ایک ہی سمت میں رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایگزٹ پولز میں بھی کانگریس کی جیت دکھائی جا رہی تھی اور پوسٹل بیلٹ کے نتائج بھی اسی کے حق میں تھے، لیکن آخر میں کانگریس 22 ہزار 779 ووٹوں سے ہار گئی۔ ریاست بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ ووٹوں کا فرق سامنے آیا۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں۔

05 Nov 2025, 11:53 AM

راہل گاندھی اور کانگریس کی ’ہائیڈروجن بم‘ پوسٹس سے سیاسی گرمی میں اضافہ

راہل گاندھی نے اپنی تازہ پوسٹ میں آج کی پریس کانفرنس کا پوسٹر جاری کیا ہے، جس پر لکھا ہے، ’’دی ایچ فائلز — آج دوپہر 12 بجے میں ایک اور ’ووٹ چوری‘ پریس کانفرنس سے خطاب کروں گا، براہِ راست دیکھیں۔‘‘

اسی کے ساتھ کانگریس کے سرکاری اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے کیپشن میں لکھا ہے، ’’ہائیڈروجن بم آ رہا ہے۔‘‘

ویڈیو میں راہل گاندھی ہلکے طنزیہ انداز میں کہتے ہیں، ’’ایٹم بم کا نام سنا ہے آپ نے؟ اس سے بڑا کیا ہوتا ہے؟ اس سے بڑا ہائیڈروجن بم ہوتا ہے۔ مہادیو پورہ میں ہم نے ایٹم بم دکھایا تھا، بی جے پی کے لوگوں تیار ہو جاؤ، ہائیڈروجن بم آ رہا ہے۔‘‘

راہل گاندھی اور کانگریس کی ان پوسٹس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آج کی پریس کانفرنس میں ’ووٹ چوری‘ سے متعلق اہم انکشافات کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر #ایچ_فائلز اور #ہائیڈروجن_بم تیزی سے موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔


05 Nov 2025, 11:45 AM

’ایچ فائلز‘ پریس کانفرنس کے لیے تیاریاں مکمل

اندرا بھون میں راہل گاندھی کی پریس کانفرنس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی نہ صرف بہار کے انتخابات سے متعلق مسائل پر بات کریں گے بلکہ وہ الیکشن کمیشن کے کردار پر بھی کچھ ’اہم سوال‘ اٹھا سکتے ہیں۔ پریس کانفرنس کا عنوان ’ایچ فائلز‘ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ کسی خفیہ دستاویز یا رپورٹ کا حوالہ ہو سکتا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پریس کانفرنس بہار کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل سیاسی بیانیے کو بدل سکتی ہے۔

05 Nov 2025, 11:44 AM

بہار میں ووٹنگ سے ایک دن قبل راہل گاندھی کی پریس کانفرنس

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی 121 نشستوں پر کل ووٹنگ ہونے جا رہی ہے، اسی موقع پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی آج ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔ یہ پریس کانفرنس دہلی کے اندرا بھون میں ہوگی، جہاں کانگریس کے ذرائع کے مطابق راہل گاندھی ’ووٹ چوری‘ کے معاملے پر نئے شواہد اور ’ایچ فائلز‘ کے تحت کچھ اہم دستاویزات پیش کر سکتے ہیں۔ پارٹی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے، ’ہائیڈروجن بم لوڈنگ‘، جس سے سیاسی ماحول میں ہلچل مچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔