راہل گاندھی کی دہلی میں والمیکی کالونی کے لوگوں سے ملاقات، مسائل کے حل کا یقین دلایا

راہل گاندھی نے دہلی میں والمیکی کالونی کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور مکانات، ملازمت اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری سے غریبوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں زوروں پر ہیں۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ روز منگل کو نئی دہلی اسمبلی حلقے میں واقع مہارشی والمیکی مندر میں درشن کیے اور والمیکی کالونی کے لوگوں سے ملاقات کی۔

کالونی کی رہائشی سنیتا نے ملاقات کے حوالے سے آئی اے این ایس کو بتایا، ’’آج راہل گاندھی سے ملاقات ہوئی، جس میں ہم نے انہیں بتایا کہ ہمیں اپنے مکانات ملنے چاہئیں اور بچوں کے لیے ملازمت کا انتظام ہونا چاہیے۔ ہمارے تمام رکے ہوئے کاموں کو پورا کیا جانا چاہیے۔ راہل گاندھی نے ہمیں ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘


ایک اور مقامی رہائشی سمن نے کہا، ’’ہم نے راہل گاندھی کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران مکانات، ملازمتوں اور دیگر کئی مسائل پر بات کی۔ انہوں نے ہمیں تمام سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔‘‘

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ ان کے بچے تعلیم مکمل کرنے کے باوجود بے روزگار ہیں، جو ان کی سب سے بڑی تشویش ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی سے درخواست کی کہ ان کے بچوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

راہل گاندھی نے اپنی ملاقات کے لمحات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’آج دہلی میں مہارشی والمیکی مندر میں درشن کیے اور قریب کی بستی میں این ڈی ایم سی ملازمین سے ملاقات کی۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت اور ‘عآپ’ کی دہلی حکومت کی نجکاری اور کنٹریکٹ ملازمت کی پالیسی کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہیں اور ہزاروں کو مناسب اجرت نہیں مل رہی۔ ہم اس مسئلے کو مسلسل اٹھا رہے ہیں۔ نجکاری اور کنٹریکٹ ملازمت غریبوں اور محروم طبقات کے حقوق چھیننے کے ہتھیار ہیں۔ ہم سب سے پہلے ان کو قابو میں لائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ نتائج 8 فروری کو جاری کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔