راہل نے خود کو پیدائش کے بعد سب سے پہلے گود میں اٹھانے والی نرس کو گلے لگایا

راہل گاندھی نے اپنی پیدائش کی گواہ رہیں راجما کے لئے نوجوان راہل کو اپنے سامنے دیکھ کر خوشی کو سنبھال پانا مشکل تھا، راہل نے ان کا ہاتھ پکڑ کر انہیں گلے سے لگا لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے اتوار کو کیرالہ کے دورے کے دوران اس نرس سے ملاقات کی جو دہلی کے ایک اسپتال میں ان کی پیدائش کے وقت موجود تھیں۔ راہل گاندھی نے اپنے دورے کے تیسرے دن کوہزیکوڈ میں 72 سالہ ریٹائرڈ نرس راجمّا سے ملاقات کی اور ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا۔ راجما کا کہنا ہے کہ جب راہل گاندھی کی پیدائش ہوئی تھی تو سب سے پہلے انہوں نے ہی راہل کوگود میں اٹھایا تھا۔

راجما کے لئے نوجوان راہل کو اپنے سامنے دیکھ کر خوشی کو سنبھال پانا مشکل تھا۔ راہل گاندھی نے راجما کا ہاتھ پکڑ کر انہیں گلے لگا لیا جس کے بعد راجما جذباتی ہو گئیں۔ اس دوران راجما کے اہل خانہ بھی موجود رہے، یہ تمام لوگ ایک گیسٹ ہاؤس میں راہل گاندھی سے ملاقات کے لئے پہنچے تھے۔

راجما نے رہل گاندھی کو ایک کٹہل کے چپس کا پیکٹ تحفے میں دیا جو انہوں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا ہے۔ راہل گاندھی وائناڈ میں لوک سبھا الیکشن لڑ رہے تھے تو راجما نے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ راجما بنیادی طورپر وائناڈ کی ہی رہنے والی ہیں۔

راہل گاندھی نے 4.31 لاکھ ووٹوں کے فرق سے جیت درج کر کے خود کو پارلیمان میں بھیجنے کے لئے وائناڈ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے اپنے مصروف معمول کے باوجود راجما کے شوہر، ناتی-پوتوں سمیت پورے خاندان کے لئے وقت نکالا۔ انہوں نے راجما کے رشتہ داروں اور کچھ پارٹی کارکنان کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔ ان لوگوں کو راہل سے ملنے کے لئے کافی دیر تک انتظار بھی کرنا پڑا۔


واضح رہے کہ 19 جون 1970 کو جب دہلی کے ہولی فیملی اسپتال میں راہل گاندھی کی پیدائش ہوئی تھی تو اس وقت رجما نے ایک ٹرینی نرس کے طور پر وہاں راہل گاندھی کی دیکھ بھال کی تھی۔ جب راجما نے راہل کو بتایا کہ جب ان کا جنم ہوا تھا تو انہوں نے ہی اپنے ہاتھوں میں سب سے پہلے انہیں اٹھایا تھا، تو وہ انہیں غور سے سنتے رہے۔ راہل گاندھی نے جاتے وقت ان سے پھر ملاقات کا وعدہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔