’راہل گاندھی مین آف دی سیریز‘

کانگریس کے سینئر لیڈر نوجوت سدھو نے کہا کہ ’’اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی حمایت کا عوامی سیلاب ہے۔ لوگوں نے راہل گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں کانگریس نے زبردست کامیابی حاصل کر لی ہے اور اس کامیابی کا سہرا کانگریس صدر راہل گاندھی کے سر باندھا جا رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے تو 11 دسمبر کو میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں راہل گاندھی کو ’مین آف دی سیریز‘ تک قرار دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل جی مین آف دی سیریز ہیں۔ تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا نتیجہ بہت اہم ہے جس نے 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کی بنیاد رکھ دی ہے۔‘‘

ہندی بیلٹ کی تینوں ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کے لیے سدھو نے پارٹی کارکنان کی بھی خوب تعریف کی۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’پارٹی کے سبھی اراکین اور کارکنان نے ایک ٹیم کی شکل میں بہترین مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ کانگریس کی کارکردگی بے مثال رہی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی کی شکست نے ’بھگوا پارٹی‘ کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ لوگوں کا غصہ نکل کر باہر آیا ہے۔ بڑے اور جھوٹے وعدے ان سے کیے گئے اور ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔‘‘

ایک خبر رساں ایجنسی سے خصوصی گفتگو کے دوران حکومت پنجاب میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے راہل گاندھی کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے نیتا (راہل گاندھی) نے مہم کے ذریعہ ٹیم کی قیادت بہت اچھی طرح سے کی اور اسی کے مطابق نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔‘‘ سدھو نے کانگریس کی کامیابی کے بعد سڑکوں پر جشن منا رہے لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ حمایت کا عوامی سیلاب ہے اور لوگوں نے اگلاراہل گاندھی کو اگلا وزیر اعظم بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔