چھاتروں کی گونج: دہرادون میں تقریب کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد رجسٹریشن، راہل گاندھی کی طلبہ سے شرکت کی اپیل
دہرادون میں مجوزہ تقریب ’چھاتروں کی گونج‘ سے قبل کانگریس نے تعلیمی نظام، پیپر لیک اور این ٹی اے پر شدید تنقید کی۔ پارٹی کے مطابق پروگرام کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں

نئی دہلی: کانگریس نے 17 جولائی کو دہرادون میں منعقد ہونے والی اپنی مجوزہ مہم }چھاتروں کی گونج{ کے لیے عوامی رابطہ تیز کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں مختلف طلبہ نے ملک کے امتحانی اور تعلیمی نظام پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی یہی ویڈیو اپنی ایکس پوسٹ پر شیئر کرتے ہوئے طلبہ سے اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
کانگریس نے اپنی پوسٹ میں الزام لگایا کہ ملک کا تعلیمی نظام اب تعلیم کے بجائے ’وصولی کا نظام‘ بن چکا ہے، جس کے باعث کروڑوں طلبہ اور ان کے خاندان قرض، ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہی بدعنوان نظام پیپر لیک مافیا کے فروغ کا سبب بنا، جس نے لاکھوں محنتی طلبہ کے خواب چکنا چور کر دیے، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اس صورتحال پر خاموش ہیں اور اپنی ذمہ داری سے پلا جھاڑ رہے ہیں۔
وہیں، راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں کہا، بدعنوان، غیر منصفانہ، جانبدار اور بے ایمان جیسے الفاظ ان کے نہیں بلکہ ملک کے طلبہ کے ہیں، جو آج کی تعلیمی انتظامیہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لیے قائم کیا گیا نظام اب انہیں اور ان کے خاندانوں کو قرض، تناؤ اور مایوسی کی طرف دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی نے پیپر لیک مافیا کو جنم دیا ہے، جو لاکھوں امیدواروں کی برسوں کی محنت ایک لمحے میں ضائع کر دیتا ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق امتحانات میں بے ضابطگیوں کے ذمہ دار عناصر کو ترقی اور ٹھیکے ملتے ہیں، جبکہ سزا صرف طلبہ کو بھگتنا پڑتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور وزیر تعلیم سب کچھ دیکھ رہے ہیں، مگر جواب دہی قبول کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
کانگریس کی جانب سے جاری ویڈیو میں مختلف طلبہ این ٹی اے (نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی) اور امتحانی نظام پر اپنے اعتماد کے خاتمے کا اظہار کرتے ہیں۔ بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ امتحانات کرانے والا موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے، جبکہ ایک طالب علم نے اسے مکمل طور پر ناکام تصور قرار دیا۔ ویڈیو کے اختتام پر راہل گاندھی امتحانی نظام میں بڑے مالیاتی گھوٹالے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ایک عوامی تحریک کی شروعات قرار دیتے ہیں اور طلبہ سے اس میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔
کانگریس نے اس مہم کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کی ہے۔ پارٹی کی رجسٹریشن ویب سائٹ پر دکھائی گئی معلومات کے مطابق خبر لکھے جانے تک دہرادون میں ہونے والے پروگرام کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اپنا اندراج کرا چکے تھے۔
