بہار اسمبلی انتخابات: راہل گاندھی نے تالاب میں اتر کر پکڑی مچھلیاں، ماہی گیروں کے مسائل بھی سنے، دیکھیں ویڈیو

راہل گاندھی نے بیگوسرائے میں ماہی گیروں کے ساتھ تالاب میں اتر کر مچھلی پکڑی، ان کے مسائل سنے اور مچھلی پالنے سے جڑی اسکیموں کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر مکیش سہنی اور کنہیا کمار بھی موجود تھے

<div class="paragraphs"><p>بیگوسرائے: مچھلی پکڑنے کے لیے جال ڈالنے میں مدد کرتے راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے لیے اب چند ہی دن باقی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کو پوری شدت سے آگے بڑھا رہی ہیں اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ تاہم ہفتے کے روز بیگوسرائے میں ایک انوکھا منظر دیکھنے کو ملا جب لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی خود تالاب میں اتر گئے اور مقامی ماہی گیروں کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے روایتی عمل میں شریک ہوئے۔

راہل گاندھی کو تالاب میں جال پھینکتے اور مچھلیاں پکڑتے دیکھ کر مقامی لوگوں میں زبردست جوش و خروش پیدا ہو گیا۔ لوگوں نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے کبھی کسی بڑے رہنما کو اس طرح مقامی روایت میں شریک ہوتے نہیں دیکھا۔ ان کے مطابق یہ منظر صرف ایک علامتی عمل نہیں بلکہ زمین سے جڑے سیاست کے پیغام کا مظہر ہے۔

مقامی باشندوں کے مطابق صبح سے ہی تالاب میں انتظامات جاری تھے۔ جب راہل گاندھی وہاں پہنچے تو ان کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ وہ بنا کسی ہچکچاہٹ کے پانی میں اتر گئے اور ماہی گیروں کے ساتھ مل کر جال ڈالنے لگے۔ ان کے ساتھ وی آئی پی (کاس شیل انسان پارٹی) کے سربراہ مکیش سہنی اور کانگریس کے رہنما کنہیا کمار بھی موجود تھے۔ تینوں رہنماؤں نے نہ صرف مچھلی پکڑنے کا تجربہ شیئر کیا بلکہ مقامی کھانوں کا ذائقہ بھی چکھا۔

مکیش سہنی نے اس موقع پر کہا کہ ’’یہ صرف ایک سرگرمی نہیں بلکہ بہار کی مٹی سے جڑنے کا پیغام ہے۔‘‘ راہل گاندھی کا تالاب میں اترنے والی ویڈیو چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں بار دیکھی گئی۔ لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں ’سچا جن نائک‘ قرار دیتے ہوئے ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔


کانگریس پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ راہل گاندھی نے مچھلی پکڑنے کے ساتھ ساتھ مچھوارا طبقے کے لوگوں سے ان کے کام میں درپیش چیلنجز اور مسائل پر تفصیل سے بات کی۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ اگر مہاگٹھ بندھن اقتدار میں آتا ہے تو ماہی گیروں کے لیے متعدد فلاحی اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔

ان اسکیموں میں لِین پیریڈ یعنی مچھلی پکڑنے پر پابندی والے تین مہینوں کے دوران ہر خاندان کو 5 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ مچھلی پالنے کے بیمہ اور مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بنانے، ہر بلاک میں مچھلی بازار اور ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

کانگریس اور وی آئی پی نے مل کر یہ بھی اعلان کیا کہ بہار میں آبی ذخائر کے تحت ندیوں اور تالابوں کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا اور ان کے انتظام و استعمال میں روایتی مچھواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق راہل گاندھی کا یہ قدم انتخابی مہم سے آگے بڑھ کر ایک علامتی عمل ہے جو عوام سے براہ راست جڑنے اور زمینی مسائل کو سمجھنے کی ان کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔ بیگوسرائے میں مکیش سہنی اور کنہیا کمار کے ساتھ ان کی موجودگی کو مہاگٹھ بندھن کی ’متحد اور شمولیتی حکمتِ عملی‘ کا واضح اشارہ مانا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔