راہل گاندھی کا تباہ کن بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائڈ پر اظہار افسوس، متاثرین کی فوری امداد کی اپیل
راہل گاندھی نے بارش، سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے ہوئی ہلاکتوں پر گہرا دکھ ظاہر کیا اور متاثرین کی مدد کا عزم دہرایا۔ کئی ریاستوں میں بارش کا قہر، ہزاروں لوگ متاثر، درجنوں جانیں ضائع

ملک کے مختلف حصوں میں لگاتار ہو رہی شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائڈ نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ شمال سے لے کر جنوب تک کئی ریاستوں میں قدرتی آفات کے باعث درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس صورتحال پر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پنجاب، جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش سمیت ملک کے کئی حصوں میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائڈ سے قیمتی جانوں کے ضیاع کی خبر انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ میں متاثرہ خاندانوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور لاپتہ افراد کی سلامتی کی امید رکھتا ہوں۔‘‘ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری رکھا جائے اور راحت و ریسکیو آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کانگریس کے تمام رہنماؤں اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں انتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں اور ضرورت مندوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
ادھر، محکمہ موسمیات کے مطابق پورے ملک میں مانسون کافی سرگرم ہے اور کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ جموں و کشمیر میں ویشنو دیوی یاترا مارگ پر لینڈ سلائڈ میں 34 افراد کی جان گئی جبکہ ریاست میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 45 تک پہنچ گئی ہے۔
اسی دوران تازہ اطلاع اتراکھنڈ سے ملی ہے جہاں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رودرپریاگ اور چمولی اضلاع میں بادل پھٹنے کے واقعات نے تباہی مچا دی۔ باسوکیدار اور دیول علاقے کے ڈنگر ٹوک و موپاٹا میں ملبہ بستیوں پر آن گرا، کئی مکانات پانی میں بہہ گئے اور متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد لاپتہ ہیں جبکہ ایک گاؤشالا دب جانے سے 15 سے 20 مویشی ہلاک ہوئے۔ ادھر کےدار گھاٹی کے لواڑا گاؤں میں پل بہہ جانے سے چھیناگرڈ علاقے کا رابطہ ٹوٹ گیا اور صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
تلنگانہ میں بھی بارش نے 50 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، اتر پردیش میں گنگا اور یمنا کے پانی نے خطرے کے نشان کو چھوا ہے جبکہ راجستھان کے کئی اضلاع میں بارش اور حادثات سے اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔
ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے تباہی کا یہ سلسلہ متاثرہ عوام کے لیے کڑی آزمائش ہے۔ ایسے میں راہل گاندھی کے ساتھ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔