کولکاتا میں بجلی کے کرنٹ سے اموات پر راہل گاندھی کی تعزیت، پارٹی کارکنوں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل
راہل گاندھی نے کوکاتا میں بجلی کے کرنٹ سے ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا اور کانگریس کارکنوں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کی

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رکن پارلیمان راہل گاندھی نے مغربی بنگال میں شدید بارش کے دوران بجلی کے کرنٹ سے 10 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے کارکنوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
راہل گاندھی نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’میں کولکاتا اور مغربی بنگال کے دیگر علاقوں کے لوگوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جو مسلسل بارش اور سیلاب کی تباہ کاری کا سامنا کر رہے ہیں۔ جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، ان کے لیے میں اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں کانگریس کارکنوں سے ہر ممکن تعاون کرنے کی درخواست کرتا ہوں اور ریاست و مرکز کی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ معمول کی صورتحال جلد بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔‘‘
خیال رہے کہ کولکاتا میں ہوئی بارش نے شہر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پچھلے 40 سالوں میں اتنی شدید بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ اس بارش کے نتیجے میں پانی جمع ہو گیا جس سے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔
بہالا سے نیو علی پور کنیکشن روڈ پر شدید پانی جمع ہونے کا منظر دیکھا گیا۔ مقامی لوگوں نے کھلے بجلی کے تاروں اور پانی میں ڈوبی دکانوں کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ دُرگا پوجا کا تہوار قریب ہونے کے باوجود، کولکاتا شہر اب بھی سیلاب کے پانی سے نبرد آزما ہے۔
سڑکیں پانی میں ڈوب جانے کے سبب ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گیا جبکہ ٹرین اور میٹرو خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔