راہل گاندھی نے انتہائی سادگی سے منایا اپنا یومِ پیدائش، دور دراز سے مبارکباد دینے پہنچے کانگریس کارکنان سے کی ملاقات
پارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈھول نگاڑوں کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ دور دور سے آئے کارکنان اور لیڈران راہل گاندھی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے، اس لیے صرف ملاقات کا پروگرام رکھا گیا ہے۔

اپنے یومِ پیدائش پر کانگریس کارکنان سے ملاقات کرتے ہوئے راہل گاندھی
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے 19 جون کو اپنا 55واں یومِ پیدائش بے حد سادگی کے ساتھ منایا۔ انھوں نے نہ ہی کیک کاٹا اور نہ ہی کسی طرح کے جشن میں شرکت کی۔ راہل گاندھی نے حال ہی میں ہوئے پہلگام دہشت گردانہ حملہ، احمد آباد میں ہوئے طیارہ حادثہ اور ماں سونیا گاندھی کے اسپتال میں ہونے کے سبب کسی بھی طرح کے جشن سے دوری بنائے رکھی۔ انھوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنان و لیڈران سے ملاقات ضرور کی، لیکن کیک کاٹنے سے صاف طور پر انکار کر دیا۔
کانگریس پارٹی نے بھی اس موقع پر سادگی برتنے کا ہی فیصلہ کیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈھول نگاڑوں کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ دور دور سے آئے کارکنان اور لیڈران راہل گاندھی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے، اس لیے صرف ملاقات کا پروگرام رکھا گیا ہے۔ اس دوران راہل گاندھی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا اور ملک کے موجودہ حالات پر فکر ظاہر کی۔
راہل گاندھی کے ذریعہ سادگی سے یومِ پیدائش منائے جانے پر کانگریس ترجمان سپریا شرینیت کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے راہل گاندھی کے حساس مزاج کی تعریف کی اور کہا کہ ’’راہل جی بے حد حساس ہیں۔ انھوں نے صرف لوگوں سے ملاقات کی اور کیک کاٹنے سے منع کر دیا۔ دوسری طرف ہمارے وزیر اعظم مودی ہیں، جو غم کے اس وقت میں بھی فرانس کے صدر سے مل کر ہنستے ہوئے تصویریں شیئر کر رہے ہیں، اور ٹوئٹر پر لگاتار فعال ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔