راہل گاندھی دیوالی کے بعد کانگریس صدر بنیں گے!

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی دیوالی کے بعد پارٹی صدر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں راجستھان کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ نے اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”کانگریس نائب صدر راہل گاندھی دیوالی کے بعد کبھی بھی کانگریس کے قومی صدر بن سکتے ہیں۔“ چونکہ سچن پائلٹ کانگریس نائب صدر کے کافی قریبی تصور کیے جاتے ہیں اس لیے ان کے بیان کے بعد پارٹی کارکنان میں جوش کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔

دراصل طویل عرصہ سے یہ سوال موضوع بحث رہا ہے کہ راہل گاندھی کب پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے۔ لیکن اب جب کہ سچن پائلٹ نے ایک انٹرویو میں دیوالی کے بعد صورت حال واضح ہونے کی بات کہی ہے تو لوگوں میں جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سچن پائلٹ نے ایک نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ”اب وقت آ گیا ہے جب راہل سامنے آ کر خود قیادت کریں۔“ انھوں نے مزید کہا کہ ”کانگریس میں تنظیمی سطح کے انتخابات چل رہے ہیں۔ دیوالی کے بعد جلد ہی نیا سربراہ منتخب کر لیا جائے گا۔ یہ انتخابات طویل عرصے سے پائپ لائن میں ہیں۔“

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے اپنے حالیہ امریکہ دورہ کے دوران بھی اس بات کا اشارہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ پارٹی کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کانگریس کے کئی اہم لیڈروں اور کارکنان کی بھی کافی مدت سے یہی خواہش ہے کہ راہل گاندھی جلد پارٹی کمان سنبھالیں تاکہ کانگریس کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوں۔ ویسے نائب صدر کے طور پر راہل گاندھی پارٹی کے زیادہ تر فیصلوں میں اہم کردار نبھاتے رہے ہیں لیکن بطور صدر ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ان سے پارٹی کارکنان کو کافی امیدیں وابستہ ہو جائیں گی۔ آج پائلٹ نے اپنے انٹرویو میں بھی اس بات کا اعتراف کیا اور کہا کہ ”حالانکہ نائب صدر کی شکل میں راہل گاندھی ابھی بھی پارٹی کے زیادہ تر کاموں کو انجام دے رہے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ انھیں مکمل ذمہ داری سنبھال لینی چاہیے۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔