سابق گورنر ستیہ پال ملک کے آخری رسوم میں شامل ہوئے راہل گاندھی

ستیہ پال ملک کے آخری رسوم میں شامل ہونے کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ ’’عوام کی آواز اور سوالوں کو بے باکی سے رکھنے والے ان کے جیسے لیڈر کی ہندوستانی سیاست میں ہمیشہ کمی محسوس گی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ستیہ پال ملک کے آخری رسوم میں شامل راہل گاندھی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر سمیت کئی ریاستوں کے گورنر رہے ستیہ پال ملک کی آخری رسوم لودھی روڈ میں واقع شمشان گھاٹ میں ادا کی گئی۔ اس دوران سیکڑوں کی تعداد میں ان کے حامی موجود رہے۔ ساتھ ہی بڑی تعداد میں سیاسی جماعتوں اور کسان تنظیموں کے لیڈران بھی شامل ہوئے۔ سیاسی لیڈران میں لوک سبھا میں حزب مخالف کے رہنما اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی، عآپ راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ اور جے جے پی لیڈر دشینت چوٹالہ سمیت سرکردہ لیڈران بھی موجود تھے۔

ستیہ پال ملک کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے بعد راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ایک پوسٹ کی، جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’سابق گورنر ستیہ پال ملک جی کو آج دلی خراج عقیدت پیش کیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’عوام کی آواز اور سوالوں کو بے باکی سے رکھنے والے ان کے جیسے لیڈر کی ہندوستانی سیاست میں ہمیشہ کمی محسوس گی۔‘‘


عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سابق گورنر ستیہ پال ملک جی کو آخری تعزیت پیش کی۔ وہ بے باک، صاف گو اور کسانوں کے سچے خیر خواہ تھے۔ جموں و کشمیر کے حساس دور میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ملک کی سیاسی تاریخ میں ان کا تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایشور سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون عطا کرے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سابق گورنر ستیہ پال ملک نے منگل (5 اگست) کو 1.12 بجے دہلی کے رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال میں آخری سانس لی۔ 79 سال کے ستیہ پال ملک گزشتہ کافی دنوں سے گردے کی سنگین بیماری میں مبتلا تھے۔ وہ گزشتہ 11 مئی سے اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ان کی حالت مسلسل تشویشناک بنی ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔