گجرات میں کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے: راہل
ماہی گیروں سے خطاب کے دوران راہل نے مودی پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا ’’مودی جی بڑے صنعت کاروں کو تو 33 ہزار کروڑ بھی دیتے ہیں لیکن اگر بد حال کسان، غریب ماہی گیر 200 کروڑ بھی مانگے تو نہیں ملتا‘‘۔

کانگریس نائب صدر راہل گاندھی آج پھر سے گجرات میں ہیں۔ دو روزہ دورے کے پہلے دن انہوں نے دلتوں اور ماہی گیروں سے ملاقات کی اور پاٹیداروں کے گڑھ نکول میں ریلی بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ کئی دیگر طبقات سے بھی ملیں گے۔
پوربندر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی صنعت کاروں کی پارٹی ہے۔ مودی صرف امیروں کا سا تھ دیتے ہیں وہ عام آدمی کی کوئی بات نہیں کرتے ان کی مدد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار گجرات میں کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے اوریہ حکوت غریب، کسان، مزدوراورگجراتی عوام کی ہوگی۔
گجرات چناؤ میں پہلے مرحلے کی تشہیر کاری میں اب تیزی آ گئی ہے۔ اسی سلسلہ میں کانگریس کے نائب صدر ایک بار پھر سے گجرات دورے پر ہیں۔ راہل گاندھی اپنے دوروزہ دورے کے دوران پاٹیداروں کا گڑھ کہے جانے والے نکول میں ریلی کریں گے ، دریں اثنا احمد آباد میں ان کا روڈ شو بھی متوقع ہے۔ احمدآباد میں ہی راہل کے کئی اور پروگرام بھی ہونے ہیں جن میں وہ کئی طبقات کے لوگوں سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔ 25 نومبر یعنی سنیچر کو بھی وہ گاندھی نگر اور اراولی میں کچھ پروگراموں میں حصہ لیں گے۔
راہل گاندھی آج صبح پربندر ایئر پورٹ پہنچے اور وہاں کے کیرتی مندر میں درشن کئے۔ پوربندر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی پیدائیش کا مقام ہے۔ اس کے بعد وہ پوربندر کے فشنگ ہاربر گراؤنڈپہنچے اور ماہی گیر طبقہ سے وابستہ لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے رو برو ہوئے۔
آج دوپہر راہل گاندھی احمد آباد کے ساندن-وابلا روڈ پر ’دلت شکتی کیندر‘ میں ’دلت سوابھیمان سبھا ‘ میں حصہ لیں گے۔ یہاں راہل گاندھی قومی پرچم کو قبول کریں گے۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی اس قومی پرچم کو قبول کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ پورے احترام کے ساتھ پرچم قبول کرنے کے ساتھ ہی کانگریس کے نائب صدر ملک کو چھوا چھوت جیسے نامناسب چلن کو پاک کرنے کا حلف بھی لیں گے۔
اس پروگرام کے بعد راہل گاندھی احمد آباد میں ہی لاء گارڈن میں ٹھاکر بھائی دیسائی ہال میں عوامی صحت سے وابستہ نمائندگان سے ملاقات کریں گے۔ شام کو راہل گاندھی شہید ویر منگل پانڈے ہال میں اساتذہ سے بات چیت کریں گے۔ جس کے بعد پاٹیداروں کا گڑھ سمجھے جانے والے نکول میں کنج مال کے سامنے ایک میدان میں عوامی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
25 نومبر یعنی سنیچر کو کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اراولی، گاندھی نگر، مہی ساگر اور داہود جائیں گےاور انتخابی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Nov 2017, 12:16 PM