کورونا: چین، امریکہ، برطانیہ، روس میں ٹیکہ کاری شروع، انڈیا کا نمبر کب آئے گا مودی جی؟ راہل

راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 23 لاکھ لوگ پہلے ہی کووڈ کی ٹیکہ کاری کراچکے ہیں۔ چین، امریکہ، برطانیہ اور روس نے ٹیکہ کاری شروع کر دی ہے۔ مودی جی یہاں نمبر کب آئے گا؟

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے خلاف ٹیکہ کاری شروع ہو گئی ہے لیکن ہندوستان کے لوگ تاحال اس کے منتظر ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس معاملہ پر مودی حکومت سے سوال پوچھا ہے کہ ہندوستان میں یہ کام کب شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ ہندوستان دنیا میں کورونا سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثر ملک ہے اور گزشتہ روز 23950 نئے مریضوں کی تشخیص کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 99 ہزار پہنچ گئی ہے۔ تاہم، ہندوستان میں شفایابی کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فعال کیسز میں کمی آ رہی ہے، لیکن حکومت کی طرف سے بار بار وعدے کیے جانے کے بعد بھی کورونا کی ویکسین کہیں نظر نہیں آ رہی ہے۔ جبکہ دوسرے ممالک میں ٹیکہ کاری شروع بھی ہو گئی ہے۔


راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا، ’’دنیا میں 23 لاکھ لوگ پہلے ہی کووڈ کی ٹیکہ کاری کرا چکے ہیں۔ چین، امریکہ، برطانیہ اور روس نے ٹیکہ کاری شروع کر دی ہے۔ مودی جی ہندوستان کا نمبر کب آئے گا؟‘‘

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک گراف کا بھی اشتراک کیا ہے جس میں کووڈ-19 کی ٹیکہ کاری کے حوالہ سے اعداد و شمار کو ظاہر کیا گیا ہے۔ گراف کے مطابق دنیا میں 22 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی ٹیکہ کاری پوری ہو چکی ہے۔ اس معاملہ میں چین پہلے نمبر پر ہے جہاں 10 لاکھ سے زیادہ لوگ ٹیکہ کاری کرا چکے ہیں جبکہ اس کے بعد امریکہ (تقریباً 6 لاکھ)، برطانکہ (تقریباً 5 لاکھ) اور روس (تقریباً 2 لاکھ) کا نمبر آتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔