آسام سے راہل گاندھی کا اعلان: ’ہم دو ہمارے دو سن لیں، سی اے اے کبھی لاگو نہیں ہونے دیں گے‘

آسام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’ہم دو، ہمارے دو‘ والے لوگ یہ سن لیں، ہم سی اے اے کو کبھی نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آسام کے شیو ساگر میں اتوار کے روز منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت آسام کو نہیں توڑ سکتی۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں سی اے اے کو کسی بھی صورت میں نافذ نہیں کرنے دیں گے۔ راہل گاندھی نے گلے میں جو گمچھا (رومال) ڈالا ہوا تھا اس پر سی اے اے لکھا ہوا تھا اور اس پر کراس لگا رکھا تھا۔

کیرالہ میں وائناد سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ "دنیا کی کوئی طاقت آسام کو توڑ نہیں سکتی۔ جو بھی آسام معاہدے کو چھونے یا نفرت پھیلانے کی کوشش کرے گا، کانگریس پارٹی اور آسام کے عوام مل کر انہیں سبق سکھائیں گے۔” انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آسام کے عوام کو متحد کیا ہے، اس سے قبل اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں تھی کہ تشدد کی وجہ سے کوئی عوامی جلسہ سے گھر بھی لوٹ پائے گا یا نہیں۔

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia

انہوں نے مزید کہا کہ میں اور کانگریس کے تمام کارکن آسام معاہدے کے اصولوں کا دفاع کریں گے، ہم اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ راہل گاندھی نے بی جے پی، آر ایس ایس پر آسام کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی اور امت شاہ اس سے متاثر نہیں ہوں گے، لیکن آسام اور پورا ملک اس سے ضرور متاثر ہوگا۔

آسام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’ہم دو، ہمارے دو‘ والے لوگ یہ سن لیں، ہم سی اے اے کو کبھی نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نظام بالکل واضح ہے، آسام میں آگ لگاؤ، آسام کو تقسیم کرو اور جو کچھ آسام کا ہے، اسے لے لو! انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ بھی ’ہم دو، ہمارے دو‘ نے حاصل کر لیا اور اب جو کچھ بھی باقی ہے وہ بھی لے لیا جائے گا۔


راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وہ جانتے ہیں کہ اگر یہاں آگ لگا دی جائے اور لوگوں کو تقسیم کر دیا جائے تو پھر یہاں کچھ نہیں بچے گا۔ وہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر یہاں آگ لگائیں اور لوگوں کو تقسیم کر دیں تو جو لینا چاہتے ہیں وہ آسانی سے لے سکیں گے۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia

زرعی قوانین پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’اب وہ کھیتی کے تین بل لائے ہیں، جس سے کھیتی کے پورے نظام کو تباہ کرنے والے ہیں اور ہندوستان کا سب سے بڑا 80 کروڑ کا کاروبار کچھ لوگوں کے حوالہ کرنے جا رہے ہیں۔ جب تک ہم چھوٹے تاجروں کو، درمیانے کاروباریوں کو، کسانوں کو مضبوط نہیں کریں گے، اس وقت تک ملک میں روزگار پیدا نہیں ہو سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔