ہندوستانی فضائیہ کا یوم تاسیس: راہل گاندھی اور کھڑگے نے بہادر پائلٹوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا
کانگریس رہنماؤں راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے ہندوستانی فضائیہ کے یوم تاسیس کے موقع پر پر جرات، قربانی اور خدمات پر پائلٹوں اور عملے کو خراج تحسین پیش کیا

آج ملک بھر میں ہندوستانی فضائیہ کا 93 واں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے اور ملک بھر کے فضائی پائلٹ اور عملہ اپنے غیر معمولی مہارت اور دلیری کے مظاہرے پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر فضائیہ کے جراتمند جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے بہادر جنگجوؤں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آسمانوں کی حفاظت میں فضائیہ کے جوانوں کی ہمت اور قربانی ہر ہندوستانی کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ راہل نے کہا کہ ان کی بے لوث خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسی طرح ملکارجن کھڑگے نے اپنی پوسٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے جوانوں اور ان کے خاندانوں کو یوم فضائیہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ اپنے غیر معمولی پیشہ ورانہ معیار، حوصلے اور لگن کی علامت ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ فضائیہ کے جوان اپنی قربانی اور بے لوث خدمات کے ذریعے نہ صرف ملکی دفاع بلکہ انسانی ہمدردی کے مشنز میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
کانگریس پارٹی کے ایکس ہینڈل سے بھی یوم فضائیہ کے موقع پر پوسٹ کی گئی، جس میں پارٹی نے فضائیہ کے جوانوں کی جرات، لگن اور قربانی کو سراہا اور کہا کہ ان کے مثال قائم کرنے والے حوصلے سے ہر ہندوستانی متاثر ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستانی فضائیہ کا یوم تاسیس ہر سال 8 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس کی بنیاد 8 اکتوبر 1932 کو رکھی گئی تھی، جب اسے رائل انڈین ایئر فورس کے نام سے شروع کیا گیا۔ ابتدائی طور پر فضائیہ میں صرف 6 افسران اور چار ویسٹ لینڈ ویپٹی بائی پلین شامل تھے اور یکم اپریل 1933 کو پہلا اسکواڈرن بنایا گیا۔
دوسری جنگ عظیم کے دوران برما مہم میں شاندار کارکردگی کے باعث اسے ’رائل‘ کا خطاب دیا گیا اور 1950 میں ہندوستان کے جمہوری ملک بننے کے بعد ’رائل‘ ہٹا کر اسے انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کا نام دیا گیا۔ تب سے ہر سال 8 اکتوبر کو فضائیہ کے جوانوں کی بہادری، قربانی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
یہ دن صرف جشن منانے کا نہیں، بلکہ نوجوانوں کو فضائیہ میں شامل ہونے کا جذبہ بھی جگاتا ہے۔ یوم فضائیہ کے موقع پر پروازیں، فلائی پاسٹ اور جدید فائٹر جیٹس کے مظاہرے دیکھنے کو ملتے ہیں، جو عوام کو ہندوستانی کی فضائیہ کی طاقت اور مہارت سے روشناس کراتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔