مودی حکومت نے فوجی کارروائی کی اطلاع پاکستان کو دے کر سنگین جرم کیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے 'آپریشن سندور' کی شروعات میں ہی پاکستان کو اطلاع دی، جو ایک سنگین جرم ہے۔ وزارت خارجہ نے بیان کو غلط انداز میں پیش کیے جانے کا جواب دیا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل) / آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>

راہل گاندھی (فائل) / آئی اے اینایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے 'آپریشن سندور' کے آغاز پر ہی پاکستان کو اس فوجی کارروائی کے بارے میں مطلع کر دیا، جو ایک سنگین جرم ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ایک ویڈیو بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر دعویٰ کیا کہ حکومت نے خود تسلیم کیا ہے کہ فضائی حملے کے آغاز میں پاکستان کو اطلاع دی گئی تھی۔

راہل گاندھی نے سوال اٹھایا، ’’ایسا کرنے کی منظوری کس نے دی؟ اس کے نتیجے میں ہماری فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟‘‘ کانگریس پارٹی نے بھی اس بیان کو لے کر حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’مودی حکومت نے دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کرنے سے پہلے پاکستان کو اطلاع دی۔ یہ خود وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے قبول کیا ہے۔ یہ حکومت کا اقرارنامہ ہماری فوجی سلامتی کے ساتھ سنگین لاپرواہی کا ثبوت ہے۔ یہ ایک مجرمانہ حرکت ہے۔ سوال یہ ہے کہ اتنی حساس اور خفیہ معلومات پاکستان کو کیوں دی گئیں؟ اس فیصلے کی منظوری کس نے دی؟ کیا اس کے نتیجے میں ہمیں جانی یا فوجی نقصان اٹھانا پڑا؟‘‘


دوسری طرف، تنازعے کے بعد وزارت خارجہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کا بیان سیاق و سباق سے علیحدہ کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔ وزارت کے ترجمان نے کہا، ’’وزیر خارجہ نے یہ کہا تھا کہ آپریشن سندور کے آغاز کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان کو ایک پیغام بھیجا گیا تھا، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ہندوستان دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے، نہ کہ پاکستانی فوج کو۔"

وزارت خارجہ کے مطابق، اس پیغام کا مقصد یہ تھا کہ پاکستانی فوج کسی قسم کی کارروائی سے گریز کرے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جے شنکر کا بیان یہ نہیں تھا کہ اطلاع حملے سے پہلے دی گئی تھی، بلکہ یہ حملے کے بعد کے مرحلے کی بات ہے۔

اس سے قبل، پی آئی بی (پریس انفارمیشن بیورو) نے بھی ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے جے شنکر کے بیان کا دفاع کیا تھا اور کہا تھا کہ اسے جان بوجھ کر مسخ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ‘آپریشن سندور’ ایک حساس اور خفیہ فوجی کارروائی تھی، جس کا مقصد دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا۔ اس مسئلے پر سیاسی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے اور اپوزیشن اس معاملے پر حکومت سے مسلسل سوال کر رہی ہے، جبکہ حکومت اسے ایک سکیورٹی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دے کر دفاع کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔