کانگریس گِگ ورکرز کے حقوق کے لیے پرعزم، کرناٹک ماڈل کو پورے ملک میں لے کر جائیں گے: راہل گاندھی

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کے اس آرڈیننس کو تاریخی قدم قرار دیا ہے جو گِگ ورکرز کو قانونی حقوق، تحفظ اور وقار دیتا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کے حقوق کے لیے اہم پیغام دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ ’ریٹنگ نہیں، حق چاہیے اور ’انسان ہیں ہم، غلام نہیں‘ کے نعرے گِگ ورکرز کی جدوجہد کا اصل مظہر ہیں اور یہ الفاظ انہوں نے ’بھارت جوڑو یاترا کے دوران گِگ ورکرز سے ملاقات کے دوران سنے تھے، جو ان کے دل میں اتر گئے تھے۔

خیال رہے کہ گِگ ورکرز وہ لوگ ہوتے ہیں جو کسی کمپنی کے مستقل ملازم نہیں بلکہ مختصر مدتی یا آرڈر کی بنیاد پر کام کرتے ہیں اور زیادہ تر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جیسے فوڈ ڈیلیوری ایپس، رائڈ شیئرنگ سروسز اور فری لانسنگ ویب سائٹس پر کام کرتے ہیں۔ چونکہ یہ افراد مستقل ملازمین نہیں ہوتے، انہیں عام ملازمین جیسی تنخواہ، طبی سہولت، چھٹی یا دیگر بنیادی حقوق حاصل نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے ان کی زندگی میں بے یقینی اور مشکلات کا سلسلہ برقرار رہتا ہے۔


راہل گاندھی نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کی طرف سے گِگ ورکرز کے لیے لائے گئے نئے آرڈیننس کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ اس آرڈیننس کے تحت گِگ ورکرز کو قانونی تحفظ، معاشرتی حقوق اور عزت و احترام ملے گا۔ یہ قانون ایسے وقت میں آیا ہے جب گِگ ورکرز کی محنت اور خدمات کو تسلیم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز دن رات ہمارے لیے کھانا، ضروری اشیاء اور خدمات پہنچاتے ہیں، چاہے موسم گرم ہو، سرد ہو یا بارش ہو۔ اس کے باوجود انہیں اکثر بغیر کسی وجہ کے ایپس سے ہٹا دیا جاتا ہے، بیماری کی صورت میں چھٹی نہیں دی جاتی اور ان کی اجرت ایک خفیہ الگورتھم کے ذریعے طے کی جاتی ہے جو کہ اکثر منصفانہ نہیں ہوتا۔ یہ ناانصافی اب ختم ہونے والی ہے اور نئے قانون کے ذریعے انہیں سماجی تحفظ، منصفانہ معاہدہ اور اجرت کے تعین میں شفافیت دی جائے گی۔


راہل گاندھی نے کہا کہ تکنیکی ترقی کے ساتھ انصاف کا حصول بھی ضروری ہے اور کرناٹک نے اس معاملے میں ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان سے اس کی شروعات ہوئی اور اب تلنگانہ کو کی باری ہے۔ گِگ اور پلیٹ فارم پر مبنی کام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور کام کے تعلقات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آ رہی ہے۔ اس تبدیلی کے مرکز میں مزدوروں کے حقوق اور تحفظات ہونے چاہئیں، تاکہ یہ کام کرنے والے افراد بھی زندگی میں استحکام اور تحفظ محسوس کریں۔

کانگریس پارٹی اس وژن کو پورے ملک میں لے جانے کے لیے پرعزم ہے اور راہل گاندھی نے وعدہ کیا کہ یہ جدوجہد ہر ریاست میں جاری رکھی جائے گی تاکہ گِگ ورکرز کو وہ حقوق دیے جا سکیں جو ان کا جائز حق ہیں۔ اس جدوجہد کا مقصد صرف گِگ ورکرز کی زندگیوں کو بہتر بنانا نہیں بلکہ کام کے نئے انداز میں انسانی وقار اور انصاف کی ضمانت دینا بھی ہے۔ ایسے میں یہ قانون اور اس کی نفاذ کی مہم ملک میں مزدوروں کے لیے ایک نئی امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔