بی جے پی 'ایکلویا' کی طرح پر نوجوانوں کا ’انگوٹھا‘ کاٹ رہی ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جب نوجوان انصاف کی مانگ کرتے ہیں تو ان کی آواز کو بے رحمی سے دبایا جاتا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے حقوق کو پامال کر رہی ہے اور ان کا مستقبل تباہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سرکاری بھرتیوں میں مسلسل ناکامی اور امتحانات کی تاریخوں میں تاخیر نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، جب کبھی طلباء اپنی مانگوں کے لیے آواز اٹھاتے ہیں، تو ان کی آواز کو ظلم و زیادتی سے دبا دیا جاتا ہے۔

گاندھی نے حالیہ طور پر مدھیہ پردیش میں ایم پی پی ایس سی میں ہونے والی گڑبڑی کے خلاف احتجاج کرنے والے دو طلباء کو جیل بھیجے جانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت کی جمہوریت مخالف کارروائی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے طلباء کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے نہ صرف طلباء کے اعتماد کو توڑا ہے بلکہ جمہوریت کے اصولوں کو بھی پامال کیا ہے۔


راہل گاندھی نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی طلباء کے حقوق کی اس لڑائی میں ان کے ساتھ ہے اور وہ بی جے پی کو نوجوانوں کی آواز دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کو جلد ہی اپنے غلط فیصلوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔

راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا، ’’بی جے پی ہندوستان کے نوجوانوں کا بالکل ایکلوِیا جیسا انگوٹھا کاٹ رہی ہے، ان کا مستقبل تباہ کر رہی ہے۔ سرکاری بھرتیوں میں ناکامی بڑا ناانصافی ہے۔ پہلے تو بھرتیاں نہیں نکلتیں۔ بھرتیاں نکل بھی جائیں تو امتحانات وقت پر نہیں ہوتے۔ امتحانات ہوں تو پیپر لیک کروا دیے جاتے ہیں۔ اور جب نوجوان انصاف مانگتے ہیں تو ان کی آواز کو بے رحمی سے دبایا جاتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’حال ہی میں یو پی اور بہار کے واقعات کے بعد اب مدھیہ پردیش میں ایم پی پی ایس سی میں ہوئی گڑبڑی کے خلاف احتجاج کر رہے دو طلباء کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ وہ بھی تب جب وزیراعلیٰ نے خود طلباء سے ملاقات کر کے ان کی مانگوں پر غور کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بی جے پی کی حکومت نے طلباء کے اعتماد کو توڑا ہے اور جمہوری نظام کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ طلباء کے حقوق کی لڑائی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ بی جے پی کو ملک کے نوجوانوں کے حق کی آواز کسی قیمت پر دبانے نہیں دیں گے۔


یہ بیان گاندھی نے مدھیہ پردیش کانگریس کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے دیا، جس میں حکومت پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ جمہوریت اور بابا صاحب کے دستور سے نفرت کرتی ہے۔ ایم پی کانگریس کی ایکس پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ایم پی پی ایس سی کے طلباء کے احتجاج کو دبانا بی جے پی حکومت کی بے انصافی کی انتہاء ہے۔ حکومت کو طلبا پر درج مقدمات کو فوری طور پر واپس لینا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔