نوجوان فوجی بننا چاہتے ہیں بی جے پی کے دفتر کے چوکیدار نہیں ،راہل کا وجے ورگیہ پر حملہ

راہل گاندھی نے بی جے پی کے کیلاش وجے ورگیہ کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی کے دفتر میں سیکورٹی گارڈ رکھنا ہے تو ہم اگنیویر وں کو ترجیح دیں گے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی نے اگنی پتھ اسکیم سے متعلق بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ کے متنازعہ بیان پر پی ایم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا، "جن لوگوں نے آزادی کے 52 سال تک ترنگا نہیں لہرایا، ان سے فوجیوں کے احترام کی امید نہیں کی جا سکتی۔"

راہل گاندھی نے کہا، ’’نوجوانوں میں فوج میں شامل ہونے کا جوش ہے، چوکیدار بن کر بی جے پی کے دفاتر کی حفاظت نہیں کرنا چاہتے، بلکہ ملک کی حفاظت کے لیے۔ وزیر اعظم کی خاموشی اس بے عزتی پر مہر ثبت ہے۔‘‘


وجے ورگیہ کا عجیب بیان

آپ کو بتاتے چلیں کہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے اگنی پتھ اسکیم کو لے کر ایک عجیب بیان دیا تھا تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہا ہے۔اندور میں، کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ اگر ہمیں بی جے پی کے دفتر میں سیکورٹی گارڈ رکھنا ہے، تو ہم اس میں بھی اگنیوروں کو ترجیح دیں گے۔

تاہم بعد میں جب ان کے بیان پر تنازعہ بڑھ گیا تو انہوں نے وضاحت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹول کٹ سے وابستہ لوگ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر نوجوانوں کی توہین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


اہم بات یہ ہے کہ فوج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کو لے کر ملک بھر میں احتجاج ہو رہے ہیں ۔ راہل گاندھی اس معاملے پر مسلسل حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ہفتہ کو راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اتوار کو ان کی سالگرہ نہ منائیں۔ کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کے نام ایک پیغام میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ملک کے نوجوان پریشان ہیں اور سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، کانگریس کارکنان کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔