آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے راہل دراوڑ اور وریندر سہواگ کے بیٹے کو انڈر-19 ٹیم میں ملی جگہ
آریہ ویر سہواگ اوپننگ بلے باز ہیں۔ اپنے والد کی طرح وہ بھی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں، جبکہ راہل دراوڑ کے بیٹے انوے وکٹ کیپر بلے باز ہیں اور مڈل آرڈر میں بلے بازی کرتے ہیں۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عظیم بلے باز راہل دراوڑ اور وریندر سہواگ کے بیٹے آریہ ویر سہواگ اور انوے دراوڑ کو ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ان دونوں کو آسٹریلیا کے خلاف 18 ستمبر سے ہونے والی ونڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے 3 ونڈے اور 2 کثیر روزہ مقابلوں کے لیے الگ الگ ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔ تینوں ونڈے اور پہلا کثیر روزہ مقابلہ راجکوٹ میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا کثیر روزہ مقابلہ احمدآباد میں ہوگا۔ لکشے رائےچندانی ونڈے ٹیم کی کپتانی کریں گے جبکہ یش وردھن سنگھ چوہان کو طویل فارمیٹ کے مقابلوں کے لیے کپتان بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آریہ ویر سہواگ اور انوے دراوڑ کو صرف ونڈے ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ دہلی پریمئر لیگ میں کھیل رہے 18 سالہ آریہ ویر کو پہلی بار ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان کے سابق کپتان اور کوچ دراوڑ کے چھوٹے بیٹے انوے نے ونڈے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، وہ گزشتہ ماہ سری لنکا دورے پر گئی انڈر-19 ٹیم کا حصہ تھے۔ آریہ ویر سہواگ کی بات کریں تو وہ اوپننگ بلے باز ہیں۔ اپنے والد کی طرح وہ بھی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں، جبکہ راہل دراوڑ کے بیٹے انوے وکٹ کیپر بلے باز ہیں اور مڈل آرڈر میں بلے بازی کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ انوے دراوڑ نے جولائی میں سری لنکا دورے پر ہندوستانی کی انڈر-19 ٹیم کے لیے 2 ونڈے میں 101 رنز بنائے تھے۔ اس دورے پر ہندوستان کی اندر-19 ٹیم ونڈے سیریز 2-1 سے ہار گئی، لیکن ریڈ بال سیریز 1-0 سے جیت لی۔ آریہ ویر سہواگ کے علاوہ منال چوہان اور چیگوروپتی وینکٹ کو بھی انڈر-19 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ساگر وِرک، انمول جیت سنگھ اور ایشان سود کو ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔
انڈر-19 ونڈے اسکواڈ: لکشے رائے چندانی (کپتان)، یش وردھن چوہان، رجت بگھیل، آریہ ویر سہواگ، وی کے ونیت، کشاگر اوجھا، ارجن راجپوت، منال چوہان، انوے دراوڑ، وی یش ویر، روہت یادو، شاون ونود، موہت اولوا، چیگوروپتی وینکٹ اور کاویا پٹیل۔
انڈر-19 ملٹی ڈے اسکواڈ: یش وردھن چوہان (کپتان)، لکشے رائے چندانی، ساگر وِرک، کشاگر اوجھا، منال چوہان، کُش پٹیل، مانو کرشنا، ابھیپراے بسواس، روہت یادو، ایشان اوم، ایان اکرم، پرنو راگھویندر، پریانشو سنگھ، موہت اولوا آرین یادو۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
