راہل نے مودی کو مودی کی زبان میں جواب دیا

راہل گاندھی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور آر ایس ایس کے شکر گزار ہیں کیونکہ انہوں نے مجھے ہندو ہونے کا مطلب سمجھایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بولتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نہ صرف وزیر اعظم نریندر موی کو ان کی زبان میں جواب دیا بلکہ جس انداز میں اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم سے یہ کہہ کر گلے ملے کے آپ ہم سے کتنی بھی نفرت کریں لیکن کانگریس کا پیغام سب سے محبت کرنا ہے۔ راہل نے کہا آپ مجھ سے نفرت کرتے رہیں ، مجھے پپو کہیں مجھے کوئی شکایت نہیں ہم آپ سے نفرت نہیں کریں گے ۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم کی ناکامیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کئی حکومتی فیصلوں کی سخت تنقید کی ۔

واضح رہے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ راکیش سنگھ کی تقریر کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے تحریک عدم اعتماد کے حق میں اپنی بات رکھنی شروع کی اور جلد ہی انہوں نے اپنے شاندار انداز میں حکومت کے خلاف بمباری شروع کر دی ۔ اپنے خطاب میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے ان کے ’جملوں‘ کا شمار کرایا۔ انھوں نے سب سے پہلے ’پندرہ لاکھ‘جملہ کی یاد دلائی۔

راہل گاندھی نے 2 کروڑ نوجوانوں کو ہر سال روزگار دلانے کے وعدے کی یاد دلائی اور کہا یہ وعدہ بھی جملہ ثابت ہوا۔ راہل گاندھی نے بتایا کہ صرف 4 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جہاں جاتے ہیں روزگار کی بات کرتے ہیں ، کبھی کہتے ہیں کہ پکوڑے بناؤ اور کبھی کہتے ہیں بزنس کرو۔

راہل گاندھی نے کہا کہ جی ایس ٹی کانگریس پارٹی لائی تھی، آپ نے اس وقت مخالفت کی تھی، گجرات کے وزیر اعلی نے مخالفت کی تھی، ہم چاہتے تھے کہ ایک جی ایس ٹی ہو، پٹرول، ڈیزل میں جی ایس ٹی ہو، مگر وزیر اعظم کا جی ایس ٹی 5 طرح کا ہےاور حکومت نے اتنے خراب انداز میں جی ایس ٹی لاگو کیا ہے کہ ملک کی معیشت برباد کر دی ۔

راہل نے کہا کہ وزیر اعظم جے شاہ پر خاموش ہیں ۔’ وزیر اعظم نے کہا تھا میں وہ وزیر اعظم نہیں ملک کا چوکیدار ہوں‘ لیکن جب امت شاہ کے بیٹے جے شاہ 16000 گنا اپنی آمدنی بڑھاتے ہیں، تب مودی جی ایک لفظ نہیں بولتے ، وہ چوکیدار ہیں یا شراکت دار ہیں ۔

رافیل ڈیل کو لےكرراہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا پی ایم مودی نے جادو سے رافیل کا دام 1600 کروڑ کر دیا، پی ایم مودی کے دباؤ میں وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے بھی جھوٹ بولا، پتہ نہیں فرانس میں کس کے ساتھ معاہدہ ہوا۔ وزیر دفاع نے پہلے کہا کہ وہ ملک کو ہوائی جہاز کا نام بتائیں گی۔ اس کے بعد وزیر دفاع نے کہا کہ میں یہ اعداد و شمار نہیں دے سکتی کیونکہ فرانس اور ہندوستان کی حکومت کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ ہے، میں فرانس کے صدر سے ملا اور ان سے پوچھا کہ کیا دونوں حکومتوں کے درمیان ایسا کوئی معاہدہ ہے؟ انهوں نےمجھے بتایا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے چینی صدر کے ساتھ گجرات میں جھولا جھولا۔ اسی درمیان چین کے فوجی ہندوستانی سرحد میں گھس آئے۔

لوک سبھا کی کارروائی ملتوی ہونے سےقبل راہل گاندھی نے کہا’’میں انھیں (وزیر اعظم) مسکراتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ لیکن ان کی آنکھوں میں گھبراہٹ ہے اور وہ مجھ سے نظریں نہیں ملا رہے ہیں۔ میں سمجھ سکتا ہوں، وہ میری آنکھوں میں نہیں دیکھ سکتے، میں یہ جانتا ہوں، کیونکہ وہ سچے نہیں رہے ۔‘‘

جیسے ہی لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی راہل نے بی جے پی سے کہا سچائی سے ڈرو مت ۔راہل گاندھی نے اپنی تقریر ’سچائی سے ڈرو مت‘ کے ساتھ شروع کی اور کسانوں و خواتین کے مسائل کو سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین پر پورے ملک میں جس طرح کے مظالم ہو رہے ہیں اس سے دنیا میں جو ملک کی شبیہ بنی ہے ، ویسا تاریخ میں اب تک دیکھنے کو نہیں ملا۔

راہل نے کہا کہ کسی پر بھی مظالم کا مطلب ہے کے آئین پر حملہ اور آئین پر حملہ کا مطلب ہے آئین کے بانی امبیڈکر پر حملہ ۔راہل گاندھی نے خواتین، دلت اور پسماندہ طبقات پر مظالم کی بات لوک سبھا میں رکھی اور کہا کہ ان موضوعات پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی حیران کرنے والی ہے۔ راہل گاندھی نے موب لنچنگ اور قتل جیسے واقعات کا بھی تذکرہ کیا ، لیکن بی جے پی اراکین پارلیمنٹ ہنگامہ آرائی شروع کردی اور کچھ سننے کو تیار نہیں ہوئے ۔

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کسی بھی شخص کے قتل کو امبیڈکر کا قتل اور آئین کا قتل قرار دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے وزیر آئین کو بدلنے کی بات کرتے ہیں جسے کبھی بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ راہل نے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور آر ایس ایس کے شکر گزار ہیں کیونکہ انہوں نے مجھے ہندو ہونے کا مطلب سمجھایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jul 2018, 4:49 PM