دہلی میں ایس ایس سی طلبا پر پولیس کارروائی کی راہل اور پرینکا نے کی مذمت، کہا- ’ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا‘

اتوار کو رام لیلا میدان میں تقریباً 15000 مظاہرین جمع ہوئے تھے۔ مظاہرہ کے لیے پہلے سے اجازت لی گئی تھی لیکن رات میں پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، پرینکا گاندھی (فائل)، تصویر یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے دہلی میں اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطیوں کے خلاف مظاہرہ کر رہے طلبا پر پولیس لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے غیر انسانی اور شرمناک بتایا ہے اور کہا ہے کہ طلبا پر ظلم کرنے کے بجائے ان کی بات سنی جانی چاہیے۔

راہل نے اس سلسلے میں اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا- ’’رام لیلا میدان میں پُرامن مظاہرہ کر رہے ایس ایس سی امیدواروں اور ٹیچروں پر بربریت، لاٹھی چارج شرمناک ہی نہیں بلکہ ایک بزدل حکومت کی پہچان ہے۔ نوجوانوں نے صرف اپنا حق مانگا تھا، روزگار اور انصاف۔ ملی کیا؟ لاٹھیاں۔ صاف ہے-مودی حکومت کو نہ ملک کے نوجوانوں کی فکر ہے اور نہ ان کے مستقبل کی۔‘‘


راہل نے مزید- ’’یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں، ووٹ چرا کر اقتدار میں آئی ہے۔ پہلے ووٹ چرائیں گے پھر امتحان چرائیں گے پھر نوکریاں چرائیں گے اور پھر آپ کے حق اور آواز، دونوں کو کچل دیں گے۔ نوجوانوں، کسانوں، غریبوں، بہوجنوں اور اقلیتوں-آپ کا ووٹ انہیں چاہیے نہیں، اس لیے آپ کے مطالبات کبھی ان کی ترجیحات نہیں ہوں گی۔ اب وقت ہے، ڈرنے کا نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا۔

دوسری طرف پرینکا گاندھی نے بھی طلبا پر لاٹھی چارج معاملے پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر اس بارے میں لکھا- ’’دہلی کے رام لیلا میدان میں مظاہرہ کر رہے ایس ایس سی طلبا پر پولیس طاقت کا استعمال غیر انسانی اور شرمناک ہے۔ ہر امتحان میں دھاندلی، ہر بھرتی میں گھوٹالہ اور پیپر لیک سے پورے ملک کے نوجوان پریشان ہیں۔ بی جے پی کے راج میں بھرتی عمل اور امتحانات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی نوجوانوں کا مستقبل برباد کر رہی ہے۔ اسے ٹھیک کرنے اور نوجوانوں کی بات سننے کی جگہ ان پر لاٹھیاں برسانا بہت ہی غلط ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ طلبا کے ساتھ بربریت کا سلوک کرنے کے بجائے ان کی بات کو سنا جانا چاہیے۔


واضح رہے کہ اتوار کو رام لیلا میدان میں تقریباً 15000 مظاہرین جمع ہوئے تھے۔ مظاہرہ کے لیے پہلے سے اجازت لی گئی تھی لیکن رات میں پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔ طلبا کا الزام ہے کہ ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور بجلی کاٹ کر مظاہرین کو ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ ایس ایس سی امتحانات میں بے ضابطگیوں اور بار بار ہونے والی تاخیر کے خلاف ہزاروں طلبا اور ٹیچر رام لیلا میدان میں جمع ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔