رگھوونش نے 29 لفظوں میں دیا استعفیٰ تو لالو پرساد نے بھی لکھ ڈالا جذباتی خط!

لالو پرساد یادو کو جیسے ہی رگھوونش پرساد کے استعفیٰ کی خبر ملی تو انھوں نے اپنے پرانے ساتھی کے نام ایک جذباتی خط لکھا جس میں کہا ہے کہ "آپ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ سمجھ لیجیے۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آج صبح آر جے ڈی کے قدآور لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ کے ذریعہ پارٹی سے استعفیٰ دیے جانے کی خبریں خوب گرم رہیں۔ بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر رگھوونش کے اس فیصلے کو آر جے ڈی کے لیے زبردست جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے، لیکن اب پارٹی صدر لالو پرساد یادو نے رگھوونش پرساد کے نام ایک جذباتی خط لکھا جس میں کہا ہے کہ "آپ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ سمجھ لیجیے۔"

دراصل رگھوونش پرساد سنگھ اس وقت دہلی واقع ایمس میں اپنا علاج کرا رہے ہیں اور انتہائی مختصر انداز میں صرف 29 لفظوں میں اپنا استعفیٰ نامہ لکھ کر پارٹی کو بھیج دیا۔ انھوں نے کاغذ پر نپے تلے انداز میں ہندی زبان میں بس اتنا لکھا کہ "جن نایک کرپوری ٹھاکر کے انتقال کے بعد 32 سالوں تک آپکے پیچھے کھڑا رہا۔ لیکن اب نہیں۔ پارٹی لیڈر، کارکنان اور عوام نے بڑی محبت دی، مجھے معاف کریں۔"


جب استعفیٰ نامہ کی شکل میں جاری اس خط کے تعلق سے خبر رانچی میں سزا کاٹ رہے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد تک پہنچی تو انھوں نے بلاتاخیر ایک انتہائی جذباتی خط لکھ ڈالا۔ آر جے ڈی کے بانی اراکین میں سے ایک رگھوونش کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے خط میں لکھا کہ "محبی رگھوونش بابو، آپ کے ذریعہ مبینہ طور پر تحریر کردہ خط کو میڈیا میں چلا جا رہا ہے، جس پر یقین نہیں ہو رہا۔ ابھی میں، فیملی اور میرے ساتھ مل کر سیراب آر جے ڈی فیملی آپ کو جلد صحت مند ہو کر اپنے درمیان دیکھنا چاہتی ہے۔ چار دہائیوں میں ہم نے ہر سیاسی، سماجی اور یہاں تک کہ خاندانی معاملوں میں مل بیٹھ کر ہی مشورہ کیا ہے۔ آپ جلد صحت ہوں، پھر بیٹھ کر بات کریں گے۔" ساتھ ہی لالو پرساد نے آخر میں یہ بھی لکھا کہ "آپ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ سمجھ لیجیے۔"


قابل ذکر ہے کہ 74 سالہ رگھوونش پرساد سنگھ کی طبیعت گزشتہ دنوں کافی خراب ہو گئی تھی اور انھیں کورونا انفیکشن بھی ہو گیا تھا جس کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حالت نازک ہونے پر انھیں دہلی کے ایمس میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہاں ڈاکٹروں نے رگھوونش پرساد کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا ہے۔ ایمس کی جانب سے ملی جانکاری کے مطابق فی الحال ان کا تمام چیک اَپ کیا جا رہا ہے اور حالت مستحکم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Sep 2020, 9:11 PM