راجیہ سبھا میں عآپ کے قائد نہیں بن پائیں گے راگھو چڈھا، چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے درخواست نامنظور کر دی

راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں راگھو چڈھا کو عام آدمی پارٹی (عآپ) کا قائم مقام قائد مقرر کرنے کی پارٹی کی درخواست نامنظور کر دی

راگھو چڈھا، تصویر عآپ
راگھو چڈھا، تصویر عآپ
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں راگھو چڈھا کو عام آدمی پارٹی (عآپ) کا قائم مقام قائد مقرر کرنے کی پارٹی کی درخواست نامنظور کر دی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع جمعہ (29 دسمبر) کو دی۔

نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو خط لکھ کر کہا کہ ان کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ دھنکھڑ نے خط میں کہا، ’’یہ پہلو پارلیمنٹ میں تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں، گروپوں کے قائدین اور چیف وہپس (سہولیات) ایکٹ 1998 کے تحت بنائے گئے قوانین کے تابع ہے۔ درخواست قانونی عمل کے مطابق نہیں ہے۔ اس لیے اسے قبول نہیں کیا جا رہا ہے۔‘‘ ایسی صورتحال میں سنجے سنگھ کی ایوان بالا میں عآپ کے قائد کی حیثیت برقرار رہے گی۔‘‘


دریں اثنا، عآپ سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں پارٹی کا قائد مقرر کرنے کی درخواست کو مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ کچھ ترمیم کے لیے کہا ہے، جو کی جائے گی۔ حال ہی میں عآپ کے قومی کنوینر کیجریوال نے راگھو چڈھا کو لیڈر مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ فلور لیڈر سنجے سنگھ عدالتی حراست میں تھے۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب راگھو چڈھا نے حال ہی میں نائب صدر جگدیپ دھنکھر سے راجیہ سبھا میں اپنی معطلی سے متعلق سپریم کورٹ سے ہدایات ملنے کے بعد معافی مانگی تھی۔ اس کے بعد ان کی معطلی بحال کر دی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔