ہر ہندوستانی کو دیا جائے مفت اے آئی ٹولز کا سبسکرپشن، راگھو چڈھا کا پارلیمنٹ میں مطالبہ
سیاست دان راگھو چڈھا نے پارلیمنٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہر شہری کو چیٹ جی پی ٹی، جیمینی اور دیگر جدید اے آئی ٹولز کا مفت سبسکرپشن فراہم کیا جائے تاکہ تعلیم، تجارت اور کھیتی میں انقلاب آئے

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن راگھو چڈھا نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں ایک اہم مسئلہ اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے ہر شہری کو جدید جنریٹیو آٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز کا مفت سبسکرپشن فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی، جیمینی، کلاؤڈ اور دیگر جدید پلیٹ فارمز تک عام لوگوں کی رسائی ہونی چاہیے تاکہ ہندوستان تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دنیا میں پیچھے نہ رہ جائے۔
راگھو چڈھا نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس محض ایک ٹیکنالوجی نہیں بلکہ ایک موقع ہے، جو ہندوستانی عوام کو بڑے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کی قوت دیتا ہے۔ ان کے مطابق آج کی دنیا میں اے آئی ہر شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کی طاقت رکھتا ہے۔ چاہے تعلیم کا میدان ہو یا زراعت، کاروبار ہو یا عام گھریلو زندگی، اے آئی ہر جگہ سہولت اور ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ یو اے ای، سنگاپور اور چین جیسے ممالک اپنے شہریوں کو جدید اے آئی ٹولز کا مفت سبسکرپشن فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ان ممالک نے نہ صرف اپنی پیداواریت میں اضافہ کیا ہے بلکہ عالمی سطح پر اپنی مسابقت کو بھی مضبوط کیا ہے۔ چڈھا کے مطابق ہندوستان بھی اگر یہی قدم اٹھائے تو دنیا کی ٹیکنالوجی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسانوں کو اے آئی کی مدد دستیاب ہو تو وہ موسم کی بہتر پیشگوئی حاصل کر سکیں گے اور جدید زرعی طریقوں کو اپنا کر اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں گے۔ اسی طرح طلبہ اپنی پڑھائی، تحقیق اور مسابقتی امتحانات کی تیاری میں ان ٹولز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ کاروباری طبقہ اپنے بزنس کو بہتر بنانے، منصوبہ بندی کرنے اور وقت بچانے میں اے آئی سے مدد لے سکتا ہے۔ یہاں تک کہ بزرگ افراد بھی اپنی روزمرہ زندگی میں سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
راگھو چڈھا نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس صرف پیداوار میں اضافہ نہیں کرے گا بلکہ لوگوں کا قیمتی وقت بھی بچائے گا۔ ان کے مطابق آنے والے برسوں میں جو ملک اے آئی کو درست طریقے سے اپنائے گا، وہی دنیا کی قیادت کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے زور دے کر کہا کہ ’ڈیجیٹل انڈیا‘ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہر ہندوستانی شہری کو جدید اے آئی ٹولز کا مفت سبسکرپشن فوری طور پر فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق اگر عوام کو یہ سہولت دی گئی تو ہندوستان کے لوگ ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم سے قدم ملا کر چل سکیں گے اور ملک عالمی مسابقت میں ایک نمایاں قوت کے طور پر ابھرے گا۔
راگھو چڈھا کی یہ تجویز پارلیمنٹ میں پیش ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں بحث کا موضوع بن گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس اقدام میں کئی عملی چیلنجز ہیں، لیکن اگر حکومت اس سمت میں سنجیدگی سے قدم بڑھاتی ہے تو یہ ہندوستان کے لیے ایک تاریخی فیصلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔