یوگی راج میں اسپتال کی چادر پر چھایا ’بھگوا‘ رنگ

یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ منگل کو رائے بریلی پہنچے۔ ان کے دورہ سے قبل ضلع اسپتال کے وارڈوں میں بھگوا رنگ کی دھاریوں والی چادر بچھائی گئی۔ حالانکہ یہ طے نہیں ہے کہ یوگی یہاں کا دورہ کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ منگل کے روز رائے بریلی کے دورہ پر ہیں، لیکن اس سے قبل ضلع اسپتال کے وارڈوں میں بھگوا رنگ کی دھاریوں والی چادر بچھائی گئی۔ حالانکہ چیف میڈیکل سپرنٹندنٹ ڈاکٹر این کے شریواستو نے کہا کہ بیڈ شیٹ کے بارے میں کچھ بھی حیرت انگیز نہیں ہے۔

چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ہر دن چادروں کو بدلنے کی بات ہے اور یہ روزانہ بدلی جا رہی ہیں یا نہیں، یہ یقینی کرنے کے لیے بیڈ شیٹ کا رنگ کوڈنگ کیا گیا ہے۔‘‘ حالانکہ ذرائع نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب بھگوا رنگ کی چادر کا استعمال اسپتال میں کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ اسپتال کا اچانک دورہ کریں۔ حالانکہ یہاں کا دورہ ان کے پروگرام کا حصہ نہیں ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی ’رانا بینی مادھو سنگھ‘ کی مورتی پر گلپوشی کرنے کے لیے رائے بریلی آ رہے ہیں۔ وہ شہید چوک پر بھی خراج عقیدت پیش کریں گے اور پھر لکھنؤ لوٹنے سے پہلے یہاں ایک دیگر تقریب میں حصہ لیں گے۔

غور طلب ہے کہ یو پی میں یوگی حکومت آنے کے بعد ’بھگواکاری‘ کا کھیل جاری ہے۔ اس سے پہلے بلند شہر میں کیندریہ ودیالیہ سفید رنگ میں دیکھا جاتا تھا لیکن اب ودیالیہ بھگوا چادر اوڑھ چکا ہے۔ اس کے علاوہ منڈی سمیتی، روڈ ویز بس، اتنا ہی نہیں وزیر اعلیٰ یوگی کو خوش کرنے کے لیے مظفر نگر میں تو پولس کالونی کو ہی بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا تھا۔ بھگوا رنگ کو لے کر اپوزیشن کئی بار وزیر اعلیٰ یوگی کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔