قومی آواز بلیٹن: سمبت پاترا پر کورونا کا خطرہ، اسپتال میں داخل؛ ٹی-20 عالمی کپ پر قیاس آرائیاں جاری

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: مایاوتی نے حکومتوں پر مزدوروں کی فکر نہ کرنے کا لگایا الزام؛ بہار کے کوارنٹائن سنٹر میں ایک نوجوان کھا رہا 40 روٹی اور 10 پلیٹ چاول؛ اب صحرائی ٹڈیوں کے دل کا حملہ

user

قومی آوازبیورو

اب صحرائی ٹڈیوں کے دل کا حملہ

پوری دنیا کورونا وائرس کے قہر سے نبرد آزما ہے اور اس وائرس کا اثر پوری دنیا کی معیشت پر پڑ رہا ہے۔ ہندوستان کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ امید ہے کہ زراعت کی اچھی پیدوار خراب معیشت کے دور میں مدد کرے گی، لیکن اس بیچ ٹڈیوں کے جھنڈ نے ملک کی کئی ریاستوں میں حملہ بول دیا ہے جس سے ان ریاستوں کی فصلیں برباد ہو نے کا امکان ہے۔ مہاراشٹرا، اترپردیش، پنجاب، راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور ہریانہ ان ٹڈیوں کے دل سے بری طرح متاثر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ کھیتوں میں لہلہاتی فصلوں و سبزیوں کو دیکھتے ہی دیکھتے تباہ کردینے والے ٹڈیوں کے جھنڈ نے اترپردیش میں دستک دے دی ہے۔ ٹڈی دل نے راجستھان و مدھیہ پردیش کے سرحدی علاقوں میں سبزیوں اور سویابین کے کھیتیوں کو نقصان پہنچانا شروع کردیا ہے۔

صحرائی ٹڈیاں پتے، پھول، پھل اور بیجوں کے علاوہ درخت تک کو چٹ کر جاتے ہیں۔ ایک کلو میٹر کے رقبے میں 40 ملین ٹڈیاں ہو سکتی ہیں اور ایک دن میں 150 کلو میٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہیں۔ ٹڈیوں کا دل روزانہ 35 ہزار انسانوں کی خوراک ختم کر سکتا۔


حکومتوں کو مہاجر مزدوروں کی کوئی فکر نہیں: مایاوتی کا الزام

بی ایس پی سپریمو مایا وتی نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر مہاجر مزدوروں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں عدالتوں کا جواب طلب کرنا اطمینان بخش ہے۔ مایاوتی نے کہا ہے کہ میڈیا کے ذریعہ مہاجر مزدوروں کے درد اور تکلیف کو بیان کرنے کے با وجود حکومتوں نے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ اب اس سلسلے میں عدالتوں کا جواب طلب کرنا اطمینان بخش ہے۔

بی ایس پی رہنما نے کہا ہے کہ ’’جس طرح سے لاک ڈاؤن کے دوران پریشانیوں کو جھیلتے ہوئے گھر واپسی کے لئے مجبور مہاجر مزدوروں کی بدحالی اور راستے میں ان کی اموات وغیرہ سامنے آئی ہیں اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ان کی بالکل بھی فکر نہیں ہے اور یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ‘‘

دنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز

دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد 58لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ كووڈ -19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں امریکہ پوری دنیا میں پہلے مقام پر ہے، جبکہ برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ وہیں اس جان لیوا وائرس سے ہونے والی اموات کے مطابق امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا قہر کم نہیں ہوا ہے لیکن کچھ راحت کی بات یہ ہے کہ یہاں مسلسل دو دن سے نئے متاثرین کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ عالمی سپر پاور امریکہ میں اس وبا سے اب تک 17.45 لاکھ لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور اس کے سبب ایک لاکھ دو ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ وہیں برازیل میں بھی کورونا نے اب تک چار لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے اورساڑھے 25 ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ روس میں بھی كووڈ -19 کا غضب جاری ہے اور یہاں اس کے انفیکشن سے اب تک پونے چار لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور 3968 لوگوں نے جان گنوائی ہے۔


ٹی-20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر قیاس آرائیاں جاری

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس سال اکتوبر-نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے، لیکن اس بات کی بھی قیاس آرائی تیز ہوگئی ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو 2022 تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستانی میڈیا میں ایسی خبریں ہیں کہ آئی سی سی کے ارکان کے درمیان اس بات پر اتفاق ہے کہ اس سال ہونے والا ٹی -20 ورلڈ کپ کورونا وائرس کی وجہ سے سال 2022 تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

بہار کے کوارنٹائن سنٹر میں ایک نوجوان کھا رہا 40 روٹی اور 10 پلیٹ چاول!

بہار کے بکسر ضلع کا ایک کوارنٹائن سنٹر ان دنوں موضوع بحث بن گیا ہے۔ اس کوارنٹائن سنٹر میں رکھے گئے ایک نوجوان کی بھوک نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ اس نوجوان کی ایک وقت کی خوراک 40 روٹیاں اور 10 پلیٹ چاول ہیں۔ بلاک افسر بھی نوجوان کی خوراک کو دیکھ کر حیران اور پریشان ہیں۔ تنہا دس لوگوں کا کھانا کھانے والے نوجوان کی وجہ سے بکسر کے منجھواری میں واقع راجکیہ بیسک مڈل اسکول میں بنے کوارنٹائن سینٹر میں یہ نوجوان موجود ہے۔ بکسر ضلع کے کھرہا ٹانڈ پنچایت کے رہنے والے 23 سالہ نوجوان انوپ اوجھا کی خوراک سے کوارنٹائن سنٹر کا اسٹاف اور انتظامیہ پریشان و حیران ہے۔


قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔