قومی آواز بلیٹن: یوگی کے والد کا انتقال، ہنومان جی لگے رونے، 2 ریاستیں کورونا انفیکشن سے پاک

کورونا کے سلسلے میں کچھ ریاستوں سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں، گوا کو کورونا انفیکشن سے پاک ریاست قرار دیا گیا تھا اور اب منی پور کو بھی کورونا انفیکشن سے پاک قرار دے دیا گیا ہے۔

user

قومی آوازبیورو

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے والد کا انتقال، آخری رسومات میں نہیں ہوں گے شامل

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو آج اس وقت سخت صدمہ پہنچا جب ان کے والد کے انتقال کی خبر ان کو ملی۔ واضح رہے جس وقت ان کو والد کے انتقال کی خبر ملی اس وقت وہ کورونا کے تعلق سے ایک اہم میٹنگ لے رہے تھے۔ انتقال کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف لڑائی سب سے اہم ہے اور اسی لیے وہ اپنے والد کا آخری دیدار بھی نہیں کر پائے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے والد کی آخری رسومات میں شامل نہ ہونے کا اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اپنی والدہ اور دیگر اہل خانہ سے اپیل کی کہ 21 اپریل کو ہری دوار میں ہونے والی آخری رسومات کی تقریب میں سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے کم سے کم لوگ ہی شامل ہوں۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنی والدہ سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد خود ان کی خیریت دریافت کرنے پہنچیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے والد کے انتقال پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی کے والد آنند سنگھ بشٹ کے انتقال پر میری گہری ہمدردی ہے۔ بھگوان اس غم کے وقت میں گھر والوں کو تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔ پرخلوص خراج عقیدت۔"


ہندوستان کی 2 ریاستیں ’کورونا انفیکشن‘ سے پاک قرار

ملک بھر میں کورونا وائرس انفیکشن کے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ کورونا وائرس نے ملک کی تقریباً سبھی ریاستوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ لیکن کچھ ایسی ریاستیں ہیں جہاں سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ گوا کو کورونا انفیکشن سے پاک ریاست قرار دیا گیا تھا اور اب منی پور کو بھی کورونا انفیکشن سے پاک قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کی جانکاری وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے بذریعہ ٹوئٹ دی۔

منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے یہ جانکاری دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ منی پور کورونا سے پاک ہو گیا ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "سبھی مریض ٹھیک ہو گئے ہیں اور ان کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔"

دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان 4 نوجوان کوارنٹائن سنٹر سے فرار

کورونا لاک ڈاؤن کے درمیان جہاں کچھ ریاستوں میں چھوٹ دیئے جانے کی بات چل رہی ہے، وہیں دہلی میں ایسی کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔ اس کی وجہ راجدھانی کے حالات ہیں۔ ان مشکل حالات میں بری خبر یہ سامنے آئی ہے کہ دہلی کے ایک کوارنٹائن سنٹر سے چار نوجوان فرار ہو گئے ہیں۔ معاملہ شمالی دہلی کے سول لائنس تھانہ حلقہ میں واقع ایک کوارنٹائن سنٹر کا ہے۔ فرار نوجوانوں کے تعلق سے پولس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

موصولہ خبروں کے مطابق جو چار نوجوان کوارنٹائن سنٹر سے غائب ہیں انھیں مارچ مہینے کے آخری دنوں میں یہاں لا کر رکھا گیا تھا۔ فرار ہونے والے نوجوانوں کا تعلق بہار، آسام، کانپور اور دہلی سے بتایا جا رہا ہے۔ اس سنٹر میں کوارنٹائن کر کے رکھے گئے زیادہ تر لوگ مہاجر مزدور ہیں۔ نوجوانوں کے فرار ہونے کا یہ معاملہ 17 اپریل کی نصف شب کا بتایا جا رہا ہے۔


بلند شہرمیں بھیڑ جمع کر کے ہوا بھجن کیرتن، 25 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اترپردیش میں بلند شہر کے چھتاری علاقے میں بھیڑ جمع کرکے بھجن کیرتن کرنے پر پولیس نے 25 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار سنگھ نے پیر کو یہاں بتایا کہ اتوار کی رات پولیس کو خبر ملی کہ چھتاری علاقے کے كمونا گاؤں میں رتی رام سنگھ کی قیادت میں بھجن کیرتن ہو رہا ہے جس کے سبب بھیڑ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوراً وہاں پہنچ کر بھجن کیرتن کو بند کروایا اور مجمع کو منتشر کر کے تمام افراد کو ان کے گھروں میں جانے کے وارننگ دی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے منتظم رتی رام سنگھ، اس کی بیوی چرونجی دیوی، بیٹی ریکھا، سون پال، کویتا سمیت 25 افراد کے خلاف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی دفعہ 188، 269، 270 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ سبھی نامزد افراد موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔ گاؤں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

پوری دنیا میں کورونا سے ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ اموات

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد میں جس تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اس نے پوری دنیا میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اب پوری دنیا میں متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ادھر دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے 7 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد ساڑے 40 ہزار سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 9 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 97 ہو گئی ہے۔


جب ہنومان جی رونے لگے خون کے آنسو!، لوگوں نے اڑا دیں لاک ڈاؤن کی دھجیاں

ملک بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، کورونا بحران کو لے کر ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، لاک ڈاؤن کے دوران افواہوں کا بازار بھی گرم ہے، اس درمیان ایک ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ہنومان کی مورتی کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک ایسی افواہ پھیل گئی کہ عقیدت مندوں نے لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑا دیں، یہ معاملہ اترپردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع کا ہے، جہاں شہر کے درمیان ایک ہنومان مندر کے پاس اچانک اس وقت بھیڑ جمع ہو گئی جب مندر میں واقع ہنومان کی مورتی کی آنکھ سے خون نکلنے کی افواہ اڑ گئی، خبروں کے مطابق افواہ یہ اڑی کہ ہنومان جی خون کے آنسو رو رہے ہیں، جسے دیکھنے کے لئے عقیدت مندوں کا ہجوم امڈ پڑا۔ اس دوران سوشل ڈسٹینسگ کی دھجیاں بھی اڑ گئیں۔اس واقعہ نے گنیش جی کے دودھ پینے کے اس واقعہ کی یاد تازہ کر دی جو پوری طرح افواہ پر مبنی تھا۔

قومی آواز کے قارئین سے گزارش: لاک ڈاؤن ہمارے اور آپ کے لئے ہی ہے، اس کی پابندی ہم پر لازم ہے۔ ماہ رمضان میں بھی عبادات گھر میں ہی ادا کریں، آپ پر سب کی نظریں ہیں اس لئے اچھے انسان ہونے کا ثبوت دیں، کورونا اور منافرت پھیلانے والوں کوشکست دیں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔