قومی آواز بلیٹن: مریض کی خودکشی، تبلیغی جماعت اور کورونا سے متعلق دن بھر کی اہم خبریں

مہاراشٹر میں کورونا کے مریض کی خودکشی، تبلیغی جماعت کے تعلق سے سیتا رام یچوری کا بیان اور کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز، تفصیلی رپورٹ کے لئے دیکھیں ویڈیو:

user

قومی آوازبیورو

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں

لاک ڈاؤن کی مدت میں دو ہفتہ کی توسیع کا امکان

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی مختلف ریاستوں کے وزراء اعلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تبادلہ خیال کیا۔ چار گھنٹے تک چلے اس اجلاس میں زیادہ تر وزراء اعلی کی رائے تھی کہ لاک ڈاؤن کی مدت 30 اپریل تک بڑھا دی جائے۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ اس مدت میں اقتصادی سرگرمیوں کے لئے اجازت دینے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے اڈیشہ اور پنجاب پہلے ہی اپنی ریاستوں میں لاک ڈاؤں کی مدت بڑھا چکے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا اعلان قوم سے خطاب کر کے کر سکتے ہیں۔


مہاراشٹر: کورونا پازیٹو مریض کی گلا کاٹ کر خودکشی

کورونا پازیٹو مریضوں کی خودکشی کا معاملہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے اور اب مہاراشٹر کے شہر اکولا میں مبینہ طور پر گلا کاٹ کر خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے حوالے سے موصول خبروں کے مطابق خودکشی کرنے والے کی عمر 30 سال ہے اور وہ آسام کا باشندہ ہے جو مہاراشٹر میں مزدوری کر کے اپنی زندگی بسر کرتا تھا۔ 10 اپریل کو اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ہفتہ (11 اپریل) کی صبح اس نے مبینہ طور پر اپنا گلا کاٹ لیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

’تبلیغی جماعت پر کارروائی تو ایودھیا کی تقریب پر کیوں نہیں‘

مارکسی کمیونسٹ پارٹی، سی پی آئی-ایم، کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں 21 دن کے لاک ڈاؤن سے متعلق متعدد امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ہندوستان کو یکجہتی کے ساتھ اس وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ یچوری نے آئی اے این ایس کو بتایا، "یہ مہلک وائرس کے خلاف ہندوستان کی لڑائی ہے، جس کو تمام ہندوستانیوں کو مل کر لڑنا ہے۔ آپ یہ نہیں سوچ سکتے کہ آپ محفوظ ہیں، آپ محفوظ نہیں ہیں۔"


’اس برس گیہوں کی ریکارڈ پیداوار ہوگی‘

کورونا وائرس وبا سے پریشان ہندوستانیوں کے لئے ایک اچھی خبر ہے۔ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے ڈائرکٹر جنرل ترلوچن مہاپاتر نے سنیچر کو کہا ہے کہ اس برس گیہوں کی ریکارڈ پیداوار ہوگی۔ ڈاکٹر مہاپاترا نے کہا کہ اس برس مانسون کے سازگار ہونے اور گیہوں کے لئے بہتر موسم ہونے کی وجہ سے دس کروڑ پچاس لاکھ ٹن پیداوار ہونے کا اندازہ ہے جو اب تک کی سب سے زیادہ پیداوار ہوگی۔ گزشتہ برس دس لاکھ ٹن سے کچھ زیادہ گیہوں کی پیداوار ہوئی تھی۔ اس بار گیہوں کی بمپر فصل ہونے والی ہے۔ بس لوگوں کی اب یہی دعا ہے کہ کورونا کی وبا جلدی ختم ہو جائے۔

کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ کے پار

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد سترہ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ امریکہ میں اس کا قہر بدستور جاری ہے اور اگر ہلاکتوں کی رفتار یہی رہی تو آج ہی امریکہ اموات کے معاملہ میں سر فہرست آجائے گا۔ امریکہ میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں مرنے والوں کی تعداد ساڑے 18 ہزار سے اوپر ہوگئی ہے اور یہ تعداد اٹلی کے مقابلہ صرف سو کم ہے۔ امریکہ میں یہ تعداد 18761 ہے جبکہ اٹلی میں یہ تعداد 18849 ہے۔


کورونا پازیٹو زویا مورانی سے ملیں گے ورون دھون

مہاراشٹر میں کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اور بالی ووڈ ہستیاں بھی اس وائرس کی زد میں ہیں۔ انہی میں سے ایک ہیں زویا مورانی جن کا سخت نگرانی میں میں علاج چل رہا ہے۔ آج بالی ووڈ اداکار ورون دھون ان سے ملاقات کرنے کے لیے اسپتال جائیں گے، ورون نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر یہ جانکاری دی ہے کہ اسپتال سے وہ زویا مورانی کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لائیو بھی آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔