قومی آواز بلیٹن: دنیا کو کورونا بحران سے باہر آنے میں لگیں گے 10 سال؛ ٹرمپ کا عبادت گاہوں کو کھولنے کا اعلان
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: کورونا بحران سے باہر نکلنے میں عالمی معیشت کو لگیں گے 10 سال: نویل روبینی؛ راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں سے صرف ملاقات ہی نہیں کی تھی، مدد بھی کی تھی، ویڈیو سے انکشاف
کورونا بحران سے باہر نکلنے میں عالمی معیشت کو لگیں گے 10 سال: نویل روبینی
معروف ماہر معیشت نویل روبینی نے کورونا بحران کی وجہ سے پیدا مشکل حالات اور عالمی معیشت کے زوال پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حالات جلدی سدھرنے والے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ 10 سال انتہائی تناؤ والے ثابت ہوں گے اور قرض کو لے کر بھی آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔ بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اپنی گلومی پریڈکشنز یعنی مایوسی والی پیشین گوئیوں کے لیے ڈاکٹر ڈوم کے نام سے مشہور پروفیسر روبینی نے کہا کہ کچھ ایسی ملازمتیں ہیں جو اس بحران کے بعد واپس نہیں آئیں گی۔ روبینی نے تاریخی بحران کو لے کر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ "بھلے ہی عالمی معیشت کورونا وائرس کے اثر سے اس سال ہی ٹھیک ہوجائے، لیکن پھر بھی حالات اچھے نہیں رہیں گے۔"
راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں سے صرف ملاقات ہی نہیں کی تھی بلکہ مدد بھی کی تھی، ویڈیو سے انکشاف
کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی کی مہاجر مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی مکمل ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو سے انکشاف ہوا ہے کہ راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں کے ساتھ صرف فٹ پاتھ پر بیٹھ کر ان کا حال چال ہی نہیں پوچھا تھا بلکہ ان غریب مزدوروں کو ان کی خواہش کے مطابق ان کے گھر بھی بھجوایا تھا۔ جس ملاقات کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے ڈڑامہ قرار دیا تھا- اس کی ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد نرملاسیتارمن کے بیان کی تنقید میں اضافہ ہوگیا ہے۔ راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں سے گفتگو کے دوران پوچھا کہ ان کی خواہش کیا ہے؟ اس پر ان مزدوروں نے کہا کہ بس ان کو ان کے گھر پہنچا دیں۔ ویڈیو میں دکھا یا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے ان تمام مزدوروں کو گاڑیوں سے ان کے گھر پہنچوایا۔ ان مزدوروں نے راہل گاندھی کے اس قدم کی بہت تعریف کی۔ اس ویڈیو میں مزدور وزیراعظم کو غریب مخالف بھی کہتےسنائی دے رہے ہیں۔
پوری دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز
- پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 52 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے سے زیادہ ہو گئی ہے۔
- امریکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 97 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
- روس میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3388 ہو گئی ہے۔ برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور وہ اب دنیا میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
عبادت گاہیں بہت ضروری ہیں، انھیں فوراً کھولا جائے: ڈونالڈ ٹرمپ کابیان
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان تجارتی و کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کے بعد اب عبادت گاہوں کا تالا کھولنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عبادت گاہیں بھی ضروری چیزوں میں شامل ہیں اور انہیں اب فوری کھولا جائے۔ ایک پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے یہ بیان دیا کہ وہ چرچ اور مساجد سمیت دیگر عبادت گاہوں کو ضروری سمجھتے ہیں، ریاست کے گورنرز چرچ اور دیگر عبادت گاہوں کو فوری طور پر کھولنے کی اجازت دیں اور اگر انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی تو وہ اس پر سختی سے عمل کرائیں گے۔
حیرت انگیز! دنیا کے سبھی ممالک کو پیچھے چھوڑ لداخ نے آج منا لی عید
ہندوستان میں آج 29واں روزہ تھا، لیکن جموں و کشمیر سے علیحدہ کیے گئے لداخ میں عید کی خوشیاں آج منائی گئیں۔ یہ خبر حیران کرنے والی ہے کیونکہ عرب ممالک اور ہندوستانی ریاستیں مثلاً کیرالہ وغیرہ میں جب عید منائی جاتی ہے تو عموماً اس کے اگلے ہی دن ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں عید ہوتی ہے۔ اس مرتبہ نہ ہی سرکاری طور پر سعودی عرب نے ہفتہ کے روز عید منائی، نہ ہی ایران نے، اور نہ ہی ہندوستان کی کسی دیگر ریاست نے سوائے لداخ کے۔ حتیٰ کہ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام نے بھی جمعہ کو چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ شوال کا چاند دیکھ کر عید اتوار یا پھر پیر کو منائی جائے گی۔
دراصل شیعہ اکثریتی کارگل میں انجمن صاحب الزمان نے جمعہ کے روز بیان جاری کرکے کہا کہ عیدالفطر کا تہوار ہفتہ کے روز ہے۔ یہ انجمن کارگل میں عید سے متعلق آخری فیصلہ لینے والا اہم مذہبی ادارہ ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کرگل کے گنڈ منگلپور میں حجۃ الاسلام آغا سید عباس موسوی کی سرپرستی میں دیگر کچھ علماء حضرات نے ماہ شوال المکرم کے چاند کی تصدیق کی۔ بعد ازاں انجمن صاحب الزمان اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے گواہان سے چاند کی تصدیق کے بعد ہفتہ کے روز عید کا اعلان کر دیا۔
قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔