دہلی بارڈرس سے لوٹنے پر کسانوں کا استقبال کرے گا پنجاب، سی ایم چنّی کا اعلان

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت چنّی نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت اور اس کے لیڈروں کے ذریعہ صبر کا امتحان لینے کے لیے کسان اور عوام انھیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

کسان، تصویر ویپن
کسان، تصویر ویپن
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی نے کہا کہ ریاستی حکومت ہفتہ کے روز دہلی کی سرحد سے لوٹنے پر کسانوں کا استقبال کرے گی، جہاں انھوں نے تینوں زرعی قوانین کے خلاف سال بھر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے کسانوں، زرعی مزدوروں اور ان کے لیڈروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ یہ لوگوں کی جیت ہے اور سماج کے مختلف طبقوں کا اتحاد ہے جس نے مرکز کو سخت سیاہ قوانین کو واپس لینے کے لیے مجبور کیا ہے۔

چنّی نے کہا کہ تقریباً ایک سال تک کسانوں کے مطالبات پر دھیان نہیں دینے کے باوجود بی جے پی لیڈران اب کسانوں کی جیت کو اپنے فائدے میں استعمال کرنا چاہتے ہیں اور پنجاب کے آئندہ اسمبلی انتخاب میں اسے الیکشن کارڈ کی شکل میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسان اور عوام مرکز کی نریندر مودی اور اس کے لیڈروں کے ذریعہ صبر کا امتحان لیے جانے کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ کسانوں کے لیے آسان جیت نہیں تھی کیونکہ انھیں مرکز کے تکبر کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔ اس کسان تحریک کے دوران 700 سے زیادہ کسانوں کی جان چلی گئی ہے۔ چنّی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 350 مہلوک کسانوں کے کنبہ کے لوگوں کو ملازمت اور مالی امداد بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔