پنجاب: انٹیلی جنس دفتر کی عمارت پر راکٹ حملہ، ہائی الرٹ جاری، اہم مقامات پر سیکورٹی میں اضافہ

راکٹ حملہ کے بعد وزیر اعلی بھگونت مان نے ڈی جی پی سے صورت حال پر معلومات حاصل کی، جبکہ پنجاب پولیس نے گردونواح میں سکیورٹی سخت کر دی ہے

تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز
تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز
user

قومی آوازبیورو

موہالی: پنجاب کے موہالی میں پیر کی شام دیر گئے پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس یونٹ کے ہیڈ کوارٹر کی عمارت پر راکٹ حملہ ہوا، جس نے ہلچل پیدا کر دی۔ واقعہ کے بعد وزیر اعلی بھگونت مان نے ڈی جی پی سے صورت حال پر معلومات حاصل کی، جبکہ پنجاب پولیس نے گردونواح میں سکیورٹی سخت کر دی ہے۔

موہالی کے ایس پی (ہیڈ کوارٹر) رویندر پال سنگھ نے راکٹ حملہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔ اس سوال پر کہ کیا اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا جا سکتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔


ایس پی (ہیڈ کوارٹر) رویندر پال سنگھ کا کہنا ہے کہ حملے کی شدت کم تھی، لہذا کوئی زخمی نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی نقصان ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایف ایس ایل ٹیم اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ موہالی میں پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس یونٹ کے ہیڈ کوارٹر کی عمارت پر راکٹ سے چلنے والے دستی بم (آر پی جی) سے حملہ کیا گیا۔ اس دوران زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی۔ حملے میں عمارت کی دوسری منزل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ موہالی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دھماکہ شام 7 بج کر 45 منٹ پر ’ایس اے ایس‘ نگر میں واقع پنجاب پولیس انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر میں ہوا اور ابھی تک اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔