پنجاب: کپاس کے معاوضہ کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں پر لاٹھی چارج، 6 کی حالت سنگین

عآپ کو پنجاب حکومت تشکیل دیے ابھی زیادہ وقت نہیں ہوا ہے لیکن کسانوں پر لاٹھی چارج کا معاملہ سامنے آ گیا ہے، کپاس کی فصل تباہ ہونے پر کسان معاوضہ کا مطالبہ کر رہے تھے جب ان پر لاٹھی چارج کر دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عام آدمی پارٹی (عآپ) کو پنجاب حکومت تشکیل دیے ابھی زیادہ وقت بھی نہیں ہوا ہے لیکن کسانوں پر لاٹھی چارج کا معاملہ سامنے آ گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کپاس کی فصل تباہ ہونے پر کسان معاوضہ کا مطالبہ کر رہے تھے جب ان پر لاٹھی چارج کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں سات کسانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جنھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کپاس کے معاوضہ کے مطالبہ پر بھارتیہ کسان یونین (اُگراہاں) کے بینر تلے کسان مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کسان تنظیم بی کے یو اگراہاں نے الزام عائد کیا ہے کہ لامبی میں ہوئے لاٹھی چارج کے دوران سات کسان زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے چھ کی حالت سنگین بھی بتائی جا رہی ہے۔


دراصل معاوضہ کے مطالبہ کو لے کر کسانوں کا گروپ لامبی میں تحصیل دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھا تھا۔ گروپ نے تحصیل کے افسران اور ملازمین کو باہر جانے سے روک دیا تھا۔اس کے بعد پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا۔ انگریزی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق رات کو افسران کا حکم ملنے کے بعد پولیس نے کسانوں پر کارروائی کی۔

دھرنے پر بیٹھے کسانوں کا کہنا ہے کہ گلابی سُنڈی سے ان کی فصل خراب ہو گئی ہے، لیکن مکتسر ضلع میں معاوضہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ انھیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ نرما کی زراعت مکتسر کے لامبی میں ہوتی ہے۔ لیکن یہاں کے صرف چھ گاؤں کو ہی معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ تقریباً 30 گاؤں کو اس میں شالم ہی نہیں کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔