پنجاب اور ہریانہ میں شدید گرمی کی لہر، بھٹنڈہ اور روہتک میں پارہ 43 ڈگری سے اوپر، محکمہ موسمیات کا انتباہ
پنجاب و ہریانہ میں شدید گرمی کا زور، بھٹنڈہ و روہتک میں پارہ 43 ڈگری سے تجاوز، محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید گرمی کا انتباہ جاری کیا ہے

شدید گرمی کی فائل تصویر
پنجاب اور ہریانہ میں شدید گرمی کا زور جاری ہے اور جمعرات 15 مئی کو درجہ حرارت نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق بھٹنڈہ کا درجہ حرارت 43.5 ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا جو ریاست پنجاب میں سب سے زیادہ رہا۔ اسی طرح ہریانہ کے روہتک میں بھی پارہ 43 ڈگری کو چھو گیا، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے دونوں ریاستوں میں شدید گرمی اور لُو کے امکانات کے پیش نظر انتباہ جاری کیا ہے۔
پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا۔ امرتسر میں پارہ 41.2، لدھیانہ میں 41.8 اور پٹیالہ میں 41.4 ڈگری سیلسیئس تک پہنچا۔ گرداس پور میں درجہ حرارت 41 ڈگری جبکہ موہالی میں 40.2 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
ہریانہ کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں رہی۔ روہتک کے علاوہ حصار اور نارنول میں درجہ حرارت 42.5 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ ہوا۔ بھوانی میں پارہ 42.7 اور امبالہ میں 42.2 ڈگری رہا۔ کرنال میں بھی گرمی کا زور دیکھا گیا جہاں درجہ حرارت 40.6 ڈگری تک جا پہنچا۔
پنجاب اور ہریانہ کی مشترکہ دارالحکومت چنڈی گڑھ میں بھی شدید گرمی محسوس کی گئی اور درجہ حرارت 41.7 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کا یہ حال لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے، خاص طور پر وہ افراد جو کھلی دھوپ میں کام کرتے ہیں یا باہر نکلنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا وافر استعمال کریں اور لُو سے بچاؤ کے اقدامات اختیار کریں۔
محکمہ صحت کی جانب سے بھی لُو سے بچاؤ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، جن میں ہلکے کپڑے پہننے، دھوپ سے بچاؤ کے لیے سر ڈھانپنے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ کسانوں، تعمیراتی مزدوروں اور دیگر محنت کش طبقے کو خاص احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے اوقات میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے وقت میں کمی یا دیگر متبادل انتظامات پر غور کریں۔
فی الحال علاقے میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی کی امید بہت کم ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ شدید موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔