زہریلی شراب سے نجات کے لئے حکومت پنجاب کا اقدام، ’صحت افزا‘ سستی دیسی شراب کرائے گی متعارف

محکمہ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے موجودہ ایکسائز پالیسی میں 40 ڈگری طاقت کے ساتھ دیسی شراب کا ایک سستا ورژن متعارف کرایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: پنجاب میں غیر قانونی شراب کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی عرضی پر سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ زہریلی شراب کے سانحے کو روکنے کے لیے پنجاب حکومت ’صحت افزا‘ دیسی شراب متعارف کرانے جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت کے محکمہ ایکسائز نے اس حوالہ سے سپریم کورٹ میں حلف نامہ جمع کرایا۔ جس کے مطابق غیر قانونی گھریلو شراب، خاص طور پر دیہی علاقوں میں زہریلی شراب کی فروخت کو روکنے کے لیے بہتر متبادل کے طور پر 40 فیصد الکحل کے ساتھ دیسی شراب متعارف کرائے گی۔


اس کے تحت معیاری شراب فراہم کی جائے گی تاکہ وہ زہریلی دیسی شراب سے دور رہیں۔ سستی دیسی شراب بنانے اور فروخت کرنے کا اقدام پنجاب حکومت کی نئی ایکسائز پالیسی کا حصہ ہے۔ محکمہ نے کہا ’’ریاستی حکومت نے موجودہ ایکسائز پالیسی میں 40 ڈگری طاقت کے ساتھ دیسی شراب کا ایک سستا ورژن متعارف کرایا ہے تاکہ معاشرے کے گھریلو شراب استعمال کرنے والے طبقے کو اس کے استعمال سے دور رکھا جا سکے۔ یہ شراب غیر قانونی گھریلو شراب کا ایک صحت افزا متبادل ثابت ہونے جا رہی ہے۔‘‘

محکمہ ایکسائز کے اس حلف نامے میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت دیسی شراب کا یہ سستا متبادل غیر قانونی شراب کو جاری کر رہی ہے۔ یہ صحت کے لیے نسبتاً بہتر رہے گا۔ اس سے قبل جمعرات کو پنجاب میں غیر قانونی شراب پر سماعت میں سپریم کورٹ نے بہار میں غیر قانونی شراب سے ہونے والی اموات کا حوالہ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔