منموہن سنگھ کے پاکستان جانے کی خبروں پر وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے کی تردید

خبر تھی کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کرتارپور کوریڈور کھولے جانے کے بعد ہندوستان سے جانے والے پہلے سکھ زائرین کے جتھے میں شامل ہوں گے، لیکن کیپٹن امریندر سنگھ نے اس کی تردید کی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کرتارپور صاحب جانے والے سکھ زائرین کے پہلے جتھے کے ساتھ پاکستان نہیں جائیں گے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اس طرح کی خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ منموہن سنگھ پاکستان جائیں گے۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو پاکستان کی جانب سے کرتار پور کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جسے انہوں نے نامنظور کر دیا تھا۔ اس کے بعد خبر آئی کہ کرتارپور کوریڈور کھلنے کے بعد ہندوستان کی جانب سے جانے والے پہلے سکھ زائرین کے جتھے میں ڈاکٹر منموہن سنگھ شامل ہوں گے، جس کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے انہیں دعوت دی گئی ہے۔


لیکن اب وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے اس خبر سے انکار کر دیا ہے۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ ’’کرتارپور کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مجھے نہیں لگتا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ وہاں جائیں گے۔‘‘

دراصل حکومت پنجاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’’امریندر سنگھ نے منموہن سنگھ کو کرتار پور صاحب جانے والے کل جماعتی جتھے اور اہم تقریب کا حصہ بننے کے لئے مدعو کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نے اس دعوت کو قبل کر لیا ہے۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ منموہن سنگھ سے ملاقات کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کل جماعتی جتھے کی قیادت کریں گے۔ یہ جتھا نو نومبر کو کرتار پور کے لئے روانہ ہونے جا رہا ہے۔‘‘ امریندر سنگتھ نے کہا کہ منموہن سنگھ پاکستان نہیں جائیں گے بلکہ پنجاب میں ہی تقریب میں حصہ لیں گے۔


غورطلب ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے گزشتہ دنوں کہا گیا تھا کہ نو نومبر کو منعقد ہونے والی کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو مدعو کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کی 12 نومبر کو منائی جانے والی 550ویں جینتی سے کچھ دنوں پہلے نو نومبر کو کرتارپور راہداری کھولنے جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2019, 6:02 PM
/* */