دہلی میں عوامی احتجاج: متعدد لیڈران اور طلباء و طالبات پولیس حراست میں

شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی (قومی رجسٹر برائے شہریت) کے خلاف دہلی کے متعدد علاقوں میں جمعرات کے روز بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی (قومی رجسٹر برائے شہریت) کے خلاف دہلی کے متعدد علاقوں میں جمعرات کے روز بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرہ کر رہے کانگریس لیڈر سندیپ دیکشت، سوراج انڈیا کے لیڈر یوگیندر یادو، جے این یو (جواہر لال نہرو یونیورسٹی) کے سابق طلباء عمر خالد اور ان کے ساتھیوں سمیت بڑی تعداد میں طلباء و طالبات کو پولیس نے قومی راجدھانی دہلی میں حراست میں لے لیا۔ منڈی ہاؤس کے قریب جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور دیگر لوگوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

سندیپ دیکشت کو منڈی ہاؤس کے قریب اور یادو کو لال قلعہ کے قریب پولیس نے حراست میں لیا۔ دیکشت نے کہا کہ وہ لال قلعہ جا رہے تھے لیکن پولیس نے انہیں وہاں نہیں جانے دیا اور حراست میں لے لیا۔ انهوں نے کہا کہ وہ کل بھی یہاں آئیں گے اور احتجاج کریں گے۔

سندیپ دیکشت نے کہا کہ حکومت کو شہریت ترمیمی قانون واپس لینا چاہیے اور گھبراہٹ میں لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم نہیں کرنا چاہیے۔ منڈی ہاؤس کے قریب دفعہ 144 نافذ ہے اس کے باوجود طلبا و طالبات وہاں آ رہے ہیں جنہیں پولیس حراست میں لے رہی ہے۔ مظاہرین کچھ مقامات پر تختیاں لیے ہوئے تھے اور وہ مودی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔


’سیکورٹی وجوہات‘ کے سبب متعدد میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ لال قلعہ، منڈی ہاؤس اور بہت سے دوسرے مقامات پر لوگ شہریت قانون کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے جمعرات کو كئی میٹرو اسٹیشن بند کیے گئے ہیں۔ میٹرو انتظامیہ نے دہلی پولیس کی مشاورت کے بعد احتیاط کے طور پر ان اسٹیشنوں کو بند کیا ہے۔


جامعہ نگر علاقے کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میٹرو اسٹیشن کے علاوہ اوکھلا وہار، شاہین باغ، جسولہ وہار میٹرو اسٹیشنوں کو بند کیا گیا ہے، منیركا کے علاوہ وسنت وہار میٹرو اسٹیشن بھی بند ہے۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ کے ارد گرد حکم امتناعی نافذ کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کے احتجاج و مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ، جامع مسجد، چاندنی چوک، وشو ودیالیہ، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، ادیوگ بھون، آئی ٹی او، پرگتی میدان، سینٹرل سکریٹریٹ اور خان مارکٹ میٹرو اسٹیشنز بند کر دیئے گئے ہیں۔

منڈی ہاؤس کے تمام داخلی اور خارجی گیٹ بند کیے گئے ہیں۔ دارالحکومت میں کئی مقامات پر سڑکوں کو بھی بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں زبردست پریشانی ہو رہی ہے۔لال قلعہ کے قریب ریپڈ ایکشن فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ منڈی ہاؤس کے قریب کی تمام سڑکوں پر مظاہرین جمع ہیں اور وہ مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔