کیا 2000 کی کرنسی بند ہونے والی ہے؟ اس سوال سے عوام پریشان

ریزرو بینک آف انڈیا نے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں یہ واضح کر دیا تھا کہ 2000 کے نوٹ کی چھپائی بند کی گئی ہے لیکن دو ہزار کے نوٹ کو بازار سے واپس نہیں لیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایک نیو ز ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ایک پیغام کو لے کر عوام میں خوف کا ماحول ہے۔ وائرل میسج میں کہا گیا ہے کہ 2016 میں نوٹ بندی کے بعد مارکیٹ میں آئے دو ہزار کی کرنسی کو اب بند کر دیا گیا ہے۔ اس پیغام میں یہ بھی دعوی کیا جا رہا ہے کہ حکومت ایک ہزار کا نوٹ پھر سے واپس لانے کی تیاری میں ہے۔پیغام پھیلانے والے عناصر اپنے پیغام میں ریزرو بینک آف انڈیا کا بھی ذکر کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جو پیغام وائرل ہو رہا ہے اس کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا یکم جنوری 2020 سے ایک ہزار کے نئے نوٹ جاری کرنے جا رہا ہے اور ریزرو بینک دو ہزار کے سارے نوٹ واپس لے رہا ہے۔اس پیغام میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عوام صرف پچاس ہزار روپے تک کے نوٹ ہی بدل پائیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وائرل میسج کے مطابق دو ہزار روپے کی کرنسی بند کی جا رہی ہے اور اس میسج کو لے کر عوام پریشان ہے۔


اگر تمام پہلوؤں پر باریکی سے غور کیا جائے تو وائرل ہونے والا یہ پیغام ایک افواہ سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور دوسرے کئی بینک یہ وضاحت کر چکے ہیں کہ بازار میں موجود دو ہزار کے نوٹ چلنے بند نہیں ہوئے ہیں۔ کچھ وقت پہلے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا تھا کہ 2000 روپے کے نوٹ کی چھپائی بند کی گئی ہے لیکن بازار میں موجود 2000 کے نوٹ واپس نہیں لئے گئے ہیں۔آر بی آئی نے یہ بھی صفائی دی ہے کہ ان کی جانب سے دو ہزار کے نوٹ بند کرنے کا کوئی بھی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔آر بی آئی کے اس بیان سے سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ان افواہوں پر دھیان دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ وائرل میسج بالکل غلط ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔