آپریشن سندور پر کیجریوال کا خراجِ تحسین، ’ہمیں ہندوستانی فوج پر ناز ہے‘

آپریشن سندور کی کامیابی پر کیجریوال، آتشی اور سنجے سنگھ نے ہندوستانی فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ فوج نے پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے نو ٹھکانوں کو تباہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال / تصویر آئی اے این ایس</p></div>

اروند کیجریوال / تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیڈروں نے بدھ کی صبح کیے گئے ’آپریشن سندور‘ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ہندوستانی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس کارروائی میں ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردی کے نو اہم اڈوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کا مقصد پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کا منہ توڑ جواب دینا تھا۔

عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے پیغام میں کہا، ’’ہمیں ہندوستانی فوج اور اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں 140 کروڑ ہندوستانی اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہندوستانی فوج کی جرات پر ہر شہری کا یقین ہے۔ ہم سب مل کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ جے ہند، جئے بھارت۔‘‘

دہلی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف آتشی نے بھی کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’جے ہند کی سینا۔ آپریشن سندور کی کامیابی پر ہندوستانی فوج کو مبارکباد۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پورا ملک ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘


دریں اثنا، عآپ کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا، ’’جے ہند، جے ہند کی سینا۔ ہمیں ہندوستانی فوج پر فخر ہے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔ بھارت ماتا کی جے۔‘‘

سرکاری ذرائع کے مطابق، آپریشن سندور میں تینوں افواج — بری، بحری اور فضائیہ نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ اس میں جدید ٹیکنالوجی اور خصوصی نشانہ باز اسلحہ کا استعمال کرتے ہوئے نو دہشت گرد ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کیا گیا۔ ان میں سے چار پاکستان کے شہروں بہاولپور، مریدکے اور سیالکوٹ میں واقع تھے، جبکہ پانچ دیگر پی یو کے میں موجود تھے۔

ان ٹھکانوں کو جیشِ محمد اور لشکرِ طیبہ جیسے تنظیموں کے سرکردہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے تحت نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، یہ 1971 کے بعد سے پاکستان کے اندر سب سے گہری ہندوستانی کارروائی ہے۔

ادھر بدھ کی علی الصبح پاکستانی فوج کی جانب سے بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔ فوج نے کہا ہے کہ وہ اس خلاف ورزی کا ’مناسب اور مؤثر‘ جواب دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔