میوات: اکبر لنچنگ کے خلاف احتجاج اور مکتوب دینے کا سلسلہ جاری

مظاہرین نے اکبر کے قاتلوں کو سزا دلانے، رام گڑھ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی گیان دیو آہوجا کو دفعہ 120 بی کے تحت گرفتار کرنے اور متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

میوات سے یونس علوی اور صابر قاسمی کی رپورٹ

مبینہ گئو رکشکوں کے ہاتھوں موب لنچنگ کے ذریعہ قتل کئے گئے اکبر خان کے قاتلوں کو سزا دلانے کے لئے میوات کے باشندگان کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز فیروزپور جھرکہ میں سینکڑوں نوجوانوں نے اکبر خان معاملہ میں انصاف کرنے اور مجرموں کو سزا دلانے کے لئے مارچ نکالا اور ایس ڈی ایم آفس پہنچ کر وزیر اعظم اور صدر کے نام مکتوب پیش کیا۔

پُرجوش مظاہرین ہاتھوں سے لکھی ہوئی تختیاں تھامے ہوئے تھے اور ترنگا پرچم بھی لہرا رہے تھے۔ اس دوران شہر بھر کے لوگوں نے اس معاملہ میں انصاف کے لئے تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔

احتجاجی مظاہرہ کا آغاز فیروز پور جھرکہ کی جامع مسجد سے ہوا ، اس کے بعد مظاہرین لال کنواں چوک سے ہوتے ہوئے دہلی الور شاہراہ پر پہنچا۔ وہاں سے ایس ڈی ایم پرشانت اٹکان کے معرفت وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ ہند کے نام مکتوب پیش کیا گیا۔

احتجاج کے لئے میوات نوجوان ڈاکٹر وقار احمد ساکرس اور اس کے رفقاء نے کال دی تھی۔ مظاہرے میں لال کنواں چوک سے سابق ڈپٹی اسپیکر و کانگریس کے رکن اسمبلی آزاد محمد، کانگریس رہنما امن احمدو کانگریس کے ریاستی جنرل سیکرٹری مقصود خان نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین نے اکبر کے قاتلوں کو سزا دلانے کے ساتھ رام گڑھ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی گیان دیو آہوجا کو بھی دفعہ 120 بی کے تحت گرفتار کرنے اور متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں اکبر کے قاتلوں کو پھانسی دلانے، متاثرہ خاندان کے 2 افراد کو سرکاری نوکری دلانے اور گئورکشکوں کے خلاف سخت قانون سازی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Jul 2018, 11:14 AM