علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 5 روز بعد بھی طلباء کا دھرنا جاری

سیاسی و سماجی جماعتوں نے مسلم یونیورسٹی میں بی جے پی کی سیاست کو بتایا گھٹیا پن، مطالبات پورے نہ ہونے تک طلبا کا دھرنا جاری رکھنے کا عزم۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پانچویں روز بھی باب سید پر بی جے پی لیڈران کے خلاف اپنے مطالبات کو لے کر طلباء کا دھرنا جاری ہے، جہاں سب سے اوپر باب سید پر ملک کی شان ترنگے جھنڈے کو لہرایا گیا ہے، طلباء کا کہنا ہے کہ یہ ترنگا جھنڈا ان سنگھیوں اور بی جے پی والوں کے لئے ہے جنہوں نے کبھی اپنے دفتروں میں اسے نہیں لگایا جوکہ جمہوریت میں یقین رکھنے والوں کے لئے انصاف کا ضامن ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

طلباء کے ساتھ طالبات بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھارتییہ جنتا پارٹی کے ظلم زیادتی کے خلاف کاندھے سے کاندھا ملائے کھڑی ہوئی ہیں، حالانکہ ضلع مجسٹریٹ و ایس ایس پی نے اے ایم یو انتطامیہ کے ساتھ جائے دھرنا پر پہنچ کر طلباء سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دھرنے کو ختم کر دیں، ضلع مجسٹریٹ نے طلباء سے کہا کہ ان کی تحریر یونیورسٹی انتظامیہ کو جانچ کے لئے دے دی گئی ہیں اس میں جو بھی قصوروار ہوگا اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے مطالبات پر ہر ممکنہ اور مثبت فیصلہ ضلع و پولس انتظامیہ کی جانب سے لیا جائے گا۔

طلباء نے اپنے مطالبات کا ذکر یونیورسٹی و ضع انتطامیہ کے ہمراہ آنے والے ضلع و پولس کے اعلیٰ افسران سے کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہی گھر میں داخل ہوکر طلباء پر سیدھے فائرنگ کرنے اور جان لینے کی کوشش کرنے والے غیر سماجی عناصر طلباء پر ہی بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں اور پولس سب کچھ جانتے ہوئے بھی طلباء کے ہی خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد طلباء کوہی پریشان کر رہی ہے، وہ تمام رپورٹز جو اے ایم یو طلباء کے خلاف پولس نے درج کی ہیں، جب تک ان طلبا کے خلاف مقدمے واپس نہیں ہوتے اور بی جے پی کے غنڈے جو یونیورسٹی میں داخل ہوئے اور بد امنی پھیلانے میں شامل رہے ہیں ان کے خلاف جب تک رپورٹ درج کر کے انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا اس وقت تک دھرنا جاری رہے گا۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 5 روز بعد بھی طلباء کا دھرنا جاری

ضلع مجسٹریٹ چندر بھوشن سنگھ و ایس ایس پی آکاش کلہری نے بتایا کہ اے ایم یو کے طلباء لیڈران سے ان کی بات چل رہی ہے کچھ مطالبات کو لے کر وہ ابھی دھرنے پر ہیں جلد آپسی صلح، صفائی اور مطالبات پر رضامندی ہو جائے گی اور جلد ہی دھرنا ختم کرائے جانے کو لیکر معاملہ حل کر لیا جائے گا، انہیں امید ہے کہ طلباء ان کی بات ضرور سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 5 روز بعد بھی طلباء کا دھرنا جاری

سیاست کے مدنظر ایس پی سٹی کا تبادلہ

علی گڑھ کے ایس پی سٹی و تیز ترار آئی پی ایس افسر آشوتوش دیویدی کو ایس پی سٹی علی گڑھ سے تبادلہ کر کے پریاگ راج میں ایس پی پروٹوکال کے عہدے پر بھیجا گیا ہے انہیں ابھی کچھ روز قبل ہی ایس پی دیہات سے ایس پی سٹی کا چارج دیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی سٹی رہتے ہوئے آشوتوش دیویدی نے بی جے پی کے ممبر اسمبلی ٹھاکر دلویر سنگھ کے پوتے اجے سنگھ کی رپورٹ پر جانچ ہونے تک مسلم یونیورسٹی کے طلباء کے خلاف کاروائی کرنے سے انکارکر دیا تھا۔

بی جے پی کے ایم ایل اے دلویر سنگھ کے پوتے ٹھاکر اجے سنگھ مسلم یونیورسٹی میں ہی ایل ایل ایم کے طالب علم ہیں اور وہ اپنے دادا کے سیاسی رسوخ کا فائدہ اٹھا کر آئے دن مسلم یونیورسٹی میں اپنی ہندو وادی نقل و حرکت کے سبب یونیورسٹی میں رخنہ اندای کے سبب معطل کیے جا چکے ہیں، سمجھا جا رہا ہے کہ ایس پی سٹی شوتوش دیویدی کا تبادلہ بھی دلویر سنگھ کے سیاسی رسوخ کے سبب کیا گیا ہے۔

اے ایم یو کو پانچ سال سے گندی سیاست کا اڈا بنایا گیا: وجیندر سنگھ

اے آئی سی سی کے رکن و سابق ممبر پارلیمنٹ، کانگریس کے ضلع صدر چودھری وجیندر سنگھ نے پریس کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کے عظیم الشان تعلیمی ادارے مسلم یونیورسٹی کو گذشتہ پانچ برس سے جس طرح سے اپنی گھٹیا سوچ اور گندی سیاست کے تحت سیاست کا اڈا بنا رہی ہے وہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہ یہ ادارہ پچھلے 100 برس کی مدت سے مسلسل اپنی شاندار تعلیمی سرگرمیوں اور بہترین تحقیقات کے طور پر پوری دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے اور اس ا دارے کے ہزاروں لاکھوں نو جوانوں نے پوری دنیا میں اپنی بے بہا خدمات دی ہیں جنہیں دنیا کا کوئی بھی ذی شعور اور دانشور انسان فراموش نہیں کرسکتا، لیکن ملک کی ترقی سے نفرت کرنے والے چند افراد جو ملک کو برباد کر دینا چاہتے ہیں وہ فرضی راشٹربھکت بن کر اس ادارے کو مٹانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو معلوم ہونا چاہیے کہ عوام ان کی ہر گھٹیا چال اور ملک مخالف مہم کو سمجھ رہے ہیں اور جلد ہی ان کے وجود کے خاتمہ کے لئے تیار ہیں اور انہیں 2019 میں اس کے نتائج دیکھنے کو مل جائیں گے۔ سابق طالب علم اور کانگریس کے سیئنر لیڈر سابق رکن اسمبلی وویک بنسل نے اپیل کی کہ طلباء اپنے اوپر لگے کسی بھی مقدمہ سے نہ گھبرائیں، کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے اور سازش کرنے والے جو بھی چند مفاد پرست افراد ہیں انہیں جواب دیا جائے گا انہوں نے ضلع و پولس انتطامیہ سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے زیر اثر طلباء کے خلاف کوئی ایسی کاروائی نہ کرے جس سے طلباء کے مستقبل پر کوئی خطرہ لاحق ہو انہوں نے کہا کہ انتطامیہ اگر کوئی ایسی کاروائی کرے گا جو کہ طلباء کے خلاف ہوگی تو کانگریس سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے کو تیار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔