شہریت قانون کے خلاف مغربی بنگال میں احتجاجی سلسلہ جاری، ٹرین سروس متاثر

تری پورہ،آسام اور شمالی مشرقی ہند کے دیگر ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پہلے سے ہی احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور اس کے پیش نظر ان ریاستوں میں انٹر نیٹ سروس بند ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کلکتہ: شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج آج صبح سے ہی ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور ریل روکو کا سلسلہ جاری ہے کئی مقامات پر ریل روک دی گئی ہیں اس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے مشرقی مدنی پور کے باسولیا اسٹیشن پر آج صبح سے ہی ریلوے لائن پر جام کردیا گیا ہے۔اس کی وجہ سے مسافروں اور اسکولی طلباء و طالبات کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق 9.30بجے سے ہی باسولیا ریلوے اسٹیشن پر جام کیا گیا۔اس کی وجہ سے ہلدیا لائن مکمل طور پر ٹھپ ہوگئی۔

جنوبی 24پرگنہ میں کئی علاقوں میں ٹریفک جام کردیا گیا۔اس کی وجہ سے جنو ب مشرقی سیالدہ سیکشن میں خلل ہے۔ٹرین کی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ہوگلا اور جنوبی باراسات میں بھی کئی علاقوں میں ریلوے ٹریک پر جام لگایا گیا ہے۔ سیالدہ اور لکشی کانت پور کے درمیان بھی ریلوے سروس متاثر ہے۔


ہفتہ کا پہلا دن ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگ کام پر جارہے تھے مگر جگہ جگہ ریلوے ٹریک پر روک کی وجہ سے ٹرین سروس متاثر ہے۔سیالدہ۔بج بج کے درمیان کل احتجاج کی وجہ سے آمد و رفت متاثر رہی۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی بھی نئے شہریت قانون کے خلاف امبیڈکر کی مورتی سے جوڑا سانکو تک احتجاج کریں گی ممتا بنرجی کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈران موجود رہیں گے۔

کل بنگال حکومت نے احتجا ج اور ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ریاست کے کئی علاقوں میں آج سے انٹر نیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ جمعہ سے مرشدآباد، ہوڑہ کے الوبیڑیا میں تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ممتا بنرجی نے احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کیے ہیں۔حکومت کے مطابق اتوار سے جنوبی بنگال کے کئی علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بند کردیئے گئے ہیں۔


حکومتی ذرائع کے مطابق مرشدآباد، مالدہ، شمالی دیناج پور، ہوڑہ،شمالی 24پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈویژن جنوبی 24پرگنہ کے برئی پور سب ڈویژن اور کیننگ سب ڈویژن میں فوری طور پر انٹر نیٹ سروس بند کردیا گیا ہے۔

تری پورہ،آسام اور شمالی مشرقی ہند کے دیگر ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پہلے سے ہی احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور اس کے پیش نظر ان ریاستوں میں انٹر نیٹ سروس بند ہیں۔بنگال میں جمعہ سے ہی مظاہرے ہورہے ہیں۔مظاہرین نے جمعہ کو الوبیڑیا میں ریلوے اور سڑک کو جام کردیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اپنے پیغام میں مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کریں،یہ ان کا جمہوری حق ہے مگر تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔سنیچر کو آم ڈانگہ اور دے گنگا علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ ہوا تھا۔ دے گنگا میں کافی دیر تک سڑک جام کیا گیا۔ اتوار کو بیر بھوم کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ نلہٹی اور عظیم گنج کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔ کرشنا نگر لال گولہ۔عظیم گنج اور نیو فرکا کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہے۔ ہوڑہ کے کونا ایکسپریس وے میں گوفا برج کے پاس سڑک جام کرکے ٹائر کو جلایا گیا۔ پولس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔ روڈ بلاک کی وجہ سے جیسر روڈ بھی متاثر ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */