اہانت رسول معاملہ: سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی گرفتاری پر لگائی روک

نوپور شرما نے اپنی عرضی میں ملک بھر میں درج مختلف معاملوں کو دہلی ہائی کورٹ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور گرفتاری پر روک لگانے کی بھی گزارش کی تھی۔

نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کو پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف متنازعہ تبصرہ کے معاملے میں سپریم کورٹ سے راحت مل گئی ہے۔ اہانت رسولؐ کے سبب تنازعات میں پھنسی نوپور شرما کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ عدالت نے فی الحال ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے اور اب عدالت اس معاملے میں آئندہ سماعت 10 اگست کو کرے گی۔

نوپور شرما نے اپنی عرضی میں ملک بھر میں درج مختلف معاملوں کو دہلی ہائی کورٹ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور گرفتاری پر روک لگانے کی بھی گزارش کی تھی۔ نوپور شرما کے وکیل منندر سنگھ نے آج عدالت سے کہا کہ نوپور کی جان پر سنگین خطرہ ہے، وہ کسی بھی قیمت پر الگ الگ ہائی کورٹ میں نہیں جا سکتیں اس لیے سپریم کورٹ میں ہی سماعت ہو۔ اس کے بعد عدالت نے سبھی فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت کی تاریخ 10 اگست مقرر کی ہے۔


گزشتہ سماعت میں عدالت عظمیٰ نے پیغمبرؐ کے خلاف نوپور شرما کے متنازعہ تبصروں کے لیے انھیں آڑے ہاتھوں لیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی ’بے لگام زبان‘ نے پورے ملک کو آگ میں جھونک دیا اور ملک میں جو بھی ہو رہا ہے اس کے لیے وہ ’تنہا‘ ذمہ دار ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ٹی وی چینل اور نوپور شرما کو ایسے معاملے سے جڑے کسی بھی ایجنڈے کو فروغ نہیں دینا چاہیے جو عدالت میں زیر غور ہے۔

اس سے قبل عدالت کے سامنے نوپور کے وکیل نے پاکستان سے جان کے خطرے کی بات کہتے ہوئے عدالت سے تحفظ مانگا تھا۔ سینئر وکیل منندر سنگھ نے کہا کہ گزشتہ حکم کے بعد کچھ اہم واقعات ہوئے ہیں۔ عرضی دہندہ کی جان کو سنگین خطرہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔