دروپدی مورمو کی زندگی کا سفر ،کونسلر سے صدارتی امیدوار تک

برسر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے جن دروپدی مورمو کو این ڈی اے کا صدارتی امیدوار بنایا ہے وہ ہیں کون اور ان کی زندگی کا سفر کیسا رہا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

این ڈی اے نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔اتحاد نے دروپدی مورمو کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ بی جے پی پارلیمانی بورڈ نے صدارتی امیدوار کے لیے 20 ناموں پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد مشرقی ہندوستان سے ایک قبائلی خاتون کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دروپدی مورمو صدر کے عہدے کے لیے بی جے پی کی امیدوار ہوں گی۔ واضح رہے حز ب اختلاف کے امیدوار یشونت سنہا ہوں گے۔

محکمہ آبپاشی اور بجلی میں جونیئر اسسٹنٹ ہونے سے لے کر بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے سے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد ہونے تک کا سفر قبائلی رہنما دروپدی مورمو کے لیے طویل اور مشکل رہا ہے۔ این ڈی اے امیدوار مورمو 20 جون 1958 کو اڈیشہ کے میور بھنج ضلع میں پیدا ہوئیں ۔ایک انتہائی پسماندہ اور دور دراز ضلع سے تعلق رکھنے والی مورمو نے غربت اور دیگر مسائل سے لڑتے ہوئے بھونیشور کے رام دیوی ویمنس کالج سے آرٹس میں گریجویشن کیا اور اڈیشہ حکومت کے محکمہ آبپاشی اور بجلی میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔


سنتھل برادری سے تعلق رکھنے والی مورمو نے 1997 میں رائرنگ پور نگر پنچایت میں کونسلر کے طور پر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد میں وہ رائرنگ پور نیشنل ایڈوائزری کونسل کی نائب صدر بن گئیں۔2013 میں، وہ پارٹی کے ایس ٹی مورچہ کی قومی ایگزیکٹو ممبر کے عہدے تک پہنچ گئیں۔ دروپدی مورمو اوڈیشہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور بیجو جنتا دل کی مخلوط حکومت کے دوران تجارت اور نقل و حمل کے لیے آزادانہ چارج کے ساتھ ماہی پروری اور جانوروں کے وسائل کی ترقی کی وزیر مملکت تھیں۔

مورمو کی شادی شیام چرن مورمو سے ہوئی تھی اور ان کے تین بچے تھے - دو بیٹے اور ایک بیٹی۔ مورمو کی زندگی ذاتی سانحات سے بھری ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے شوہر اور دونوں بیٹوں کو کھو دیا ہے۔ ان کی بیٹی اتشری کی شادی گنیش ہیمبرم سے ہوئی ہے۔


وہ سال 2000 اور 2004 میں اڈیشہ کے رائرنگ پور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے تھیں۔ وہ 2015 میں جھارکھنڈ کی گورنر کے طور پر حلف لینے والی پہلی خاتون تھیں۔ وہ پہلی خاتون قبائلی رہنما ہیں جنہیں گورنر مقرر کیا گیا۔ منتخب ہونے کے بعد دروپدی مورمو ہندوستان کی پہلی قبائلی صدر اور دوسری خاتون صدر ہوں گی۔ اس کے علاوہ وہ اوڈیشہ سے پہلی صدر بھی ہوں گی۔ انہوں نے تقریباً دو دہائیاں سیاست اور سماجی خدمت میں گزاری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔