پروفیسر سید عین الحسن، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر مقرر

پروفیسر عین الحسن، فارسی و مطالعاتِ وسطی ایشیائی علوم کے پروفیسر کی حیثیت سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سید عین الحسن، تصویر آئی اے این ایس
سید عین الحسن، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے نئے وائس چانسلر مقر کیے گئے ہیں، یونیورسٹی کو وزارت تعلیم سے موصولہ اعلامیہ کے مطابق، صدر جمہوریہ ہند نے اردو یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے پروفیسر سید عین الحسن کو پانچ سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔

پروفیسر عین الحسن، فارسی و مطالعاتِ وسطی ایشیائی علوم کے پروفیسر کی حیثیت سے جواہر لال نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ڈین، اسکول آف لینگویج، لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز، جے این یو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ آل انڈیا پرشین اسکالرس ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ ان کا تدریسی تجربہ زائد از 34 سال ہے اور انہوں نے 87 اسکالرس کی رہنمائی کی ہے۔


وہ فل برائٹ فیلوشپ کے تحت رٹجر اسٹیٹ یونیورسٹی، نیو جرسی، امریکہ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے 13 کتابیں تحریر کی ہیں۔ وہ ہند -ایران، ہند- عرب تعلقات اور تقابلی ادب و ثقافت کے شعبے کے ماہر ہیں۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج اور پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے پروفیسر عین الحسن کو وائس چانسلر کی حیثیت سے تقرر پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں مانو تعلیمی عمدگی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔