یوپی میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز، پرینکا گاندھی کا وارانسی میں جلسہ عام سے خطاب

اتر پردیش کانگریس آج 2022 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرنے جا رہی ہے۔ پہلے دن پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وارانسی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی

پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس
پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وارانسی: اتر پردیش کانگریس آج 2022 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرنے جا رہی ہے۔ پہلے دن پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وارانسی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ جلسہ عام کے پہلے دن 'پرتیگیا ریلی' منعقد ہوگی، جس کا نام اب ’کسان نیائے ریلی' رکھا گیا ہے۔ یہ ریلی بنیادی طور پر لکھیم پور واقعہ پر توجہ دی جائے گی جس میں کئی کسانوں کی موت ہو گئی تھی۔

یہ ریلی اتوار کی دوپہر جگت پور انٹر کالج گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔ ریلی سے خطاب کرنے سے قبل پرینکا کاشی وشوناتھ مندر اور وارانسی کے درگا مندر میں پوجا کریں گی۔

کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے کہا، ’’لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر کے بیٹے کے ہاتھوں مارے گئے کسانوں کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے، پارٹی ریلی میں ایک تحریک شروع کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ یہ تحریک تمام ریاستوں، دیہاتوں، علاقوں، بازاروں اور اسمبلی حلقہ میں پہنچے۔‘‘


انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقتول کسانوں کے اہل خانہ کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی گرفتاری ناکافی تھی۔ مرکزی وزیر اجے شرما ٹینی کو بھی مستعفی ہو جانا چاہیے تاکہ اس واقعے کی منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔

لکھیم پور کھیری واقعہ پر بی جے پی کی زیرقیادت ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے للو نے الزام لگایا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ جو حکومت بلڈوزر سے مسمار کرنے کو یقینی بناتی ہے اور چھوٹے واقعات میں مجرموں کے پوسٹر آویزاں کرتی ہے وہ کسانوں کے قتل کی بات کر رہی ہے۔


یو پی سی سی کے سربراہ نے کہا، "حکومت کو یہ بتانا چاہیے کہ وہ لکھیم پور کھیری کے ملزمان کے پوسٹر کب جاری کرے گی۔" انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت ملزم اور وزیر کے بیٹے کو بچانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

دریں اثنا، اے آئی سی سی نے ہدایات دی ہے کہ کانگریس لیڈران اور کارکنان پیر کے روز راج بھون کے باہر جمع ہوں اور لکھیم پور واقعہ کے خلاف احتجاج کے طور پر تین گھنٹے کی خاموشی اختیار کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔