پرینکا گاندھی نے سنبھالا جنرل سکریٹری کا عہدہ، ملاقاتوں کا سلسلہ کیا شروع

حال ہی میں کانگریس جنرل سکریٹری کا عہدہ حاصل کرنے والی پرینکا گاندھی بدھ کے روز کانگریس کے صدر دفتر پہنچیں اور اپنا عہدہ سنبھال لیا، دفتر میں انہوں نے متعدد لوگوں سے ملاقات بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حال ہی میں کانگریس جنرل سکریٹری کا عہدہ حاصل کرنے والی پرینکا گاندھی بدھ کے روز کانگریس کے صدر دفتر پہنچیں اور اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ دفتر پہنچنے کے بعد انہوں نے پہلے ہی دن کئی لوگوں سے ملاقات کی۔

پرینکا گاندھی کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے کانگریس کی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے، انہیں مشرقی اتر پردیش کا چارج سونپا گیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کانگریس کے صدر دفتر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ انہیں خوشی کہ راہل گاندھی نے یہ ذمہ داری انہیں سونپی۔

واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے 23 جنوری کو پرینکا گاندھی کو کانگریس کی جنرل سکریٹری (مشرقی اتر پردیش) بنانے کا اعلان کیا تھا۔ منگل کے روز انہیں دہلی کے کانگریس صدر دفتر میں کمرا الاٹ کر دیا گیا۔ یہ وہی کمرا ہے جس میں راہل گاندھی دسمبر 2017 میں کانگریس کے صدر بننے سے پہلے کام کیا کرتے تھے۔

ادھر کانگریس کے ایک اور جنرل سکریٹری (مغربی اتر پردیش) جیوتیرادتیہ سندھیا نے بھی اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ سندھیا نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے دیپ جلایا اور پارٹی کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔ جیوتیرادتیہ سندھیا اور پرینکا گاندھی ایک ہی کمرے سے اپنا کام کاج سنبھالیں گے۔

غور طلب ہے کہ پرینکا گاندھی کا باضابطہ طور پر کانگریس میں شامل ہونا لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ وہ اتر پردیش میں پارٹی کی تیاریوں کا آغاز لکھنؤ میں روڈ شو کے ذریعے کرنے والی ہیں۔ اس سلسلہ میں وہ 11 فروری کو لکھنؤ پہنچ سکتی ہیں۔

پرینکا 7 فروری کو پہلی مرتبہ پارٹی کی کسی آفیشیل میٹنگ میں شرکت کریں گی۔ یہ میٹنگ کانگریس صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کی تیار کے پیش نظر طلب کی ہے اور اس میں پارٹی کے سینئر رہنما شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔