پرینکا گاندھی نے لودھی اسٹیٹ میں واقع سرکاری بنگلے کو خالی کیا، گڑگاؤں شفٹ ہونے کے امکان

سی پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے جے ای (جونیئر انجینئر) سینتھل کمار نے بنگلے کی چابیاں حاصل کیں اور بنگلے کا معائنہ کرنے کے بعد رپورٹ جاری کر دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نئی دہلی کے لودھی اسٹیٹ علاقہ میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ کو خالی کر دیا۔ پرینکا گاندھی کچھ دنوں گڑگاؤں (گروگرام) میں رہیں گی اور پھر سینٹرل دہلی علاقہ کے ایک گھر میں شفٹ ہو جائیں گی۔ میڈیا رپورٹوں کا کہنا ہے کہ پرینکا کی نئی رہائش میں رنگائی، پتائی اور مرمت کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی رہائش اور شہری امور کی وزارت نے پرینکا گاندھی سے نئی دہلی میں واقع سرکاری بنگلہ یکم اگست تک خالی کرنے کو کہا تھا۔ جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ ایس پی جی سیکورٹی واپس لئے جانے کے بعد انہیں موجودہ رہائش گاہ 35، لودھی اسٹیٹ خالی کرنا ہوگا کیونکہ زیڈ پلس کے زمرے میں آنے والی سیکورٹی میں رہائش کی سہولت حاصل نہیں ہوتی ہے۔


مودی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ایس پی جی سیکورٹی کو واپس لے کر انہیں زیڈ پلس سیکورٹی فراہم کرائی تھی۔ سی پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے جے ای (جونیئر انجینئر) سینتھل کمار نے بنگلے کی چابیاں حاصل کیں اور بنگلے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پرینکا گاندھی کے نام سی پی ڈبلیو کی جانب سے بنگلہ خالی کیے جانے کی رپورٹ بھی جاری کر دی۔

پرینکا گاندھی نے سی پی ڈبلیو ڈی اور ڈائریکٹوریٹ اسٹیٹ کو بنگلے کی فٹنگ، فکسچر وغیرہ کی مکمل تفصیلات بھی سونپ دی، جو انھوں نے نجی طور پر اپنے خرچے پر نصب کرائی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بجلی، پانی کے بل اور پچھلے واجبات ادا کر دیئے ہیں۔ پرینکا گاندھی اب جولائی مہینے کی لائسنس فیس کی حتمی تشخیص کی منتظر ہیں۔ 31 جولائی کو ڈائریکٹوریٹ اسٹیٹ کیمطرف سے ان کی سرکاری رہائش گاہ کے الاٹمنٹ اور لیز کی منسوخی کے حوالے سے تمام کھاتے بند کر دیئے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */