فضائی آلودگی سے بے حال دہلی میں پی ایم مودی کے ’موسم کا مزہ لیجیے‘ والے بیان پر پرینکا گاندھی حیران

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’سوال ہے دہلی کے لوگ کس موسم کا مزہ لیں، وہ خود باہر جھانک کر دیکھیں کہ کیا حال ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہونے سے قبل جب میڈیا سے مخاطب ہوئے تو ایک ایسا بیان دیا، جس نے اپوزیشن لیڈران کو حیران کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’موسم کا مزہ لیجیے۔‘‘ یہ بیان اس لیے حیرت انگیز ہے، کیونکہ دہلی میں فضائی آلودگی نے لوگوں کا سانس لینا دشوار کر دیا ہے۔ اے کیو آئی مستقل 400 سے اوپر ہے، جو بچوں و ضعیفوں کو بڑی تعداد میں مریض بنا رہا ہے۔

وزیر اعظم کے اس بیان پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کہہ رہے ہیں– موسم کا مزہ لیجیے۔‘‘ وہ آگے کہتی ہیں ’’سوال ہے– دہلی کے لوگ کس موسم کا مزہ لیں؟ وہ خود باہر جھانک کر دیکھیں کہ کیا حال ہے۔‘‘ یہ بیان پرینکا گاندھی نے میڈیا اہلکاروں کے سامنے دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’حکومت کسی بھی چیز پر بحث نہیں کرنا چاہتی، تو ایوان کیسے چلے گا؟ ایس آئی آر پر نہیں تو کم از کم انتخابی اصلاحات یا کسی دیگر ایشو پر حکومت کو بحث کے لیے تیار ہونا چاہیے۔‘‘


وزیر اعظم مودی کے ’موسم کا مزہ لیجیے‘ والے بیان پر کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کچھ طنزیہ پوسٹ بھی ڈالے ہیں۔ ایک ویڈیو پوسٹ میں پی ایم مودی کو ’موسم کا مزہ لیجیے‘ بیان دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور پھر دہلی میں ہر طرف پھیلی دھند، یعنی زہر آلود ہوا کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں اے کیو آئی 800 سے زیادہ ہونے کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے، اور جمنا ندی کے پانی میں موجود جھاگ کو بھی دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو پوسٹ کے ساتھ کیپشن لگایا گیا ہے ’نریندر مودی نے آلودگی پر خاموشی توڑی‘۔ ایک دیگر ’ایکس‘ پوسٹ میں پی ایم مودی کی مسکراتی ہوئی تصویر لگائی گئی ہے اور تصویر پر لکھا گیا ہے ’موسم کا مزہ لیجیے‘۔ اس پوسٹ میں کیپشن دیا گیا ہے ’اس بے شرمی پر کیا کہیں گے؟‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔